پرتھ میں انڈیا نے آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دی

   

ہندوستان کو بارڈر۔ گواسکر ٹرافی میں 1-0 کی سبقت ۔ عبوری کپتان و فاسٹ بولر بومرا کو میچ ایوارڈ

پرتھ: کپتان جسپریت بمراہ اور محمد سراج کی ایک طوفانی بولنگ نے پیر کو یہاں پہلے کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دے کر اس ملک میں 1-0 کی برتری کے ساتھ اپنی سب سے بڑی جیت درج کرنے میں مدد کی۔ پانچ میچوں کی سیریز میں اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان ایک بار پھر ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ ہندوستان کے 534 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا 58.4 اوورز میں 238 رنز بنا کر قائم مقام کپتان بمراہ (42 رنز کے عوض تین) اور محمد سراج (51 رنز کے عوض تین) کی تیز گیندبازی پر ڈٹ کر نہیں کھیل پایا، جنہوں نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔بمراہ اور سراج نے آسٹریلیا کے ٹاپ اور مڈل آرڈر کو منہدم کر دیا جس کے بعد واشنگٹن سندر (48 رنز کے عوض دو)، نتیش کمار ریڈی (21 رنز کے عوض دو) اور ہرشیت رانا (69 رنز کے عوض ایک) نے نچلے آرڈر کا کام تمام کیا۔ رانا اور ریڈی اس میچ میں ڈبیو کر رہے تھے۔ ٹریوس ہیڈ، جو آسٹریلیا کے لیے زبردست فارم میں تھے، انہوں نے سب سے زیادہ 89 رنز بنائے۔ ہیڈ نے اسٹیو اسمتھ (17) کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 62 اور مچل مارش (47) کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 82 رنز بنائے لیکن آسٹریلیا کو شکست سے نہیں بچاسکے۔ آسٹریلیا کی سرزمین پر رنز کے لحاظ سے یہ ہندوستان کی سب سے بڑی جیت ہے اور ایشیا سے باہر دوسری سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے دسمبر 1977 میں میلبورن میں آسٹریلیا کو 222 رنز سے شکست دی تھی۔ ایشیا سے باہر ہندوستان کی سب سے بڑی جیت اگست 2019 میں نارتھ ساؤنڈ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 318 رنز سے تھی۔ صبح کے سیشن میں سراج نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے اوپنر عثمان خواجہ (4) اور آؤٹ آف فارم اسمتھ (17) کو پویلین بھیجا۔ آسٹریلیا نے دن کا آغاز 12/3 پر کیا اور جلد ہی خواجہ (4) کی وکٹ گنوا دی جنہوں نے سراج کی گیند کو کھینچنے کی کوشش میں ہوا میں لہرائی اور اتوار کو آئی پی ایل کی نیلامی میں 27 کروڑ روپے میں فر وخت ہونے والے سب سے مہنگے وکٹ کیپر رشبھ پنت نے آسان کیچ کیا۔ سراج نے بیاٹروں کو ناہموار باؤنس پچ پر مسلسل پریشان کیا۔اسمتھ نے سراج کی اچھی لینتھ کے ساتھ گیند پر وکٹ کیپر پنت کو کیچ دیا۔ ایک مرحلہ پر جب واشنگٹن سندر نے ناتھن لیون (0) کو بولڈ کردیا تو پھر جیت قریب ہوگئی۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ سائیکل میں آسٹریلیا کے سب سے قابل اعتماد بلے باز ایلکس کیری (36) بھارت کی فتح کے انتظار میں توسیع کر رہے تھے لیکن رانا نے مہمانوں کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے انہیں بولڈ کر دیا۔