پرواز کے دوران چھینکنے اور کھانسنے والے مسافر کی موجودگی پر تنازعہ

   

لاس اینجلس ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ کورونا وائرس تیزی سے دنیا کے تمام ممالک میں پھیلتا جارہا ہے وہیں اب انسانی فطرت کے معمولی تقاضوں (کھانسنا، چھینکنا وغیرہ) کی تکمیل سے بھی اب لوگ گھبرانے لگے ہیں جیسا کہ امریکہ کے ایک طیارہ کا رخ محض اس لئے موڑ دیا گیا کہ طیارہ میں موجود مسافرین کسی گوشے سے کسی دیگر مسافر کے کھانسنے اور چھینکنے سے تشویش میں مبتلاء ہوگئے تھے۔ دریں اثناء یونائیٹیڈ ایئرلائنز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ کو لوراڈو سے نیوارک، نیوجرسی جارہا تھا لیکن مسافرین کی شکایت پر اس کا رخ ڈینور انٹرنیشنل ایرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔ مسافرین نے اس وقت تک چین کا سانس نہیں لیا جب طیارہ سے کھانسنے اور چھینکنے والے مسافر کو اتار نہیں دیا گیا جبکہ ایئرلائنس نے بھی اس صورتحال کو طبی ایمرجنسی سے تعبیر نہیں کیا۔ یہ وضاحت بھی کی گئی کہ کھانسنے والا مسافر الرجی کا شکار تھا۔ طیارہ بعدازاں نیوجرسی کیلئے روانہ ہوگیا۔