پریشان حال افراد کی مدد سماجی ذمہ داری

   

قاضی پیٹ میں اناج کی تقسیم ۔گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر ،کارپوریٹر محمد ابو بکر کا خطاب
ورنگل ۔ لوڈی آرگنائزیشن قاضی پیٹ کی جانب سے آج 36ڈویژن کے اندرماں کالونی سیریل نمبر 299میں واقع بارش سے متاثرہ پریشان حال افراد میں راشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔اس پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے گورنمنٹ چیف وہپ و رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ داسیم ونئے بھاسکر ،اعزازی مہمان کی حیثیت سے مقامی کارپوریٹر محمد ابوبکر نے شرکت کی ۔اس موقع پر چیف وہپ ونئے بھاسکر نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کورونا کی وجہ سے غریب عوام پریشان ہیں اس میں مزید 10دنوں کے مسلسل بارش سے ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پریشان حال افراد کی مدد کرنا وقت کا تقاضا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پریشان حال جو کسی مذہب یا ذات سے تعلق رکھتا ہو ان کی بروقت مدد کرنا ہماری سماجی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ حالیہ موسلا دھار بارش کے سبب کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں ۔نشیبی علاقوں کے کئی مکانات میں پانی داخل ہونے سے مکینوں کو مختلف پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔بارش سے متاثرہ سینکڑوں افراد کو ورنگل میں قائم کئے گئے سنٹرس میں منتقل کیا گیا ہے اور حکومت کی جانب قیام و طعام کا انتظام کیا جارہا ہے ۔انہوںنے لوڈی آرگنائزیشن کے ڈائرکٹر فادر وجئے پال ریڈی کی سماجی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ دیگر تنظیموں کو بھی اس سلسلے میں آگے آنے کی ضرورت ہے ۔محمد ابو بکر کارپوریٹر نے کہاکہ خدمت خلق ایک بہترین عبادت ہونے علاوہ اس سے اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے ۔اہل ثروث افراد کو اس طرح کے کار خیر میں آگے آنے کی ضرورت ہے ۔لوڈی آرگنائزیشن کے ڈائرکٹر فادر وجئے پال ریڈی نے کہاکہ وہ کارپوریٹر محمد ابو بکر کی توجہ دہانی پر 36ڈویژن کے بارش سے متاثرہ افراد میں راشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے ۔انہو ں نے کہاکہ اس آرگنائزیشن کی جانب سے ابتداء کورونا سے ہی غریب افراد اور حالیہ بارش سے متاثرہ تقریبا 5ہزار سے ذائد افراد میں اناج تقسیم کیا گیا ہے ۔اس موقع پر ڈی ای نریندر ،کوڈا اڈوائزری ممبر شیوا شنکر ،لوڈی آرگنائزیشن کے دیگر ذمہ دار موجود تھے ۔