پرینکا گاندھی کی کامیابی سے اندرا گاندھی کی کمی کا پورا ہونا یقینی

   

دو ریاستوں میں انتخابی نتائج کے بعد ملک کے سیاسی ماحول میں تبدیلی کا قوی امکان، آنجہانی وزیر اعظم کی یوم پیدائش تقریب

نرمل ۔ 19 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی آج یوم پیدائش کے موقع پر نرمل کے کانگریسی قائدین نے امبیڈکر چوراہا کے قریب ان کے مجسمہ کو پھول مالائیں چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی ملک کے لئے خدمات کو یاد کیا گیا۔ ملک میں غربت کے خاتمہ کے لئے بہت سی اصلاحات کے ذریعہ آنجہانی اندرا گاندھی کی خدمات کو ملک کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتا۔ اس موقع پر نرمل زرعی کمیٹی کے چیرمین سی بھیم ریڈی، رامیشور ریڈی، نریندر ریڈی نے مجسمہ کو پھول مالا چڑھا کر کر خراج عقیدت پیش کیا جبکہ اقلیتی قائدین کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی جن میں سید کلم صبا، ارشد محمد احتشام علی، محمد ذیشان علی، محمد معین، مظہر خان، محمد اظہر حسین، اے یونس اور دیگر موجود تھے۔ بعد ازاں محمد ذیشان علی، محمد احتشام علی سینئر کانگریس قائدین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی نے ملک کی ترقی کے لئے کئی سنہری راہیں ہموار کرتے ہوئے ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دینے والی رہنما نے یہ ثابت کردیا تھا کہ ملک کی باگ ڈور عورت بھی کیسے سنبھالتی ہے۔ ان کی سیاسی زندگی اور کارناموں کو بلالحاظ مذہب و ملت بزرگ حضرات آج بھی یاد کرتے ہیں۔ ملک کی ترقی کے لئے اس خاندان کی قربانیوں کو بھی ملک کی سیاست بھی نہیں بھلا سکتی، آج اندرا گاندھی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے اس خاندان کی بے باک خاتون آنجہانی اندرا گاندھی کی پوتری پرینکا گاندھی کی وائناڈ سے شاندار کامیابی یقینی ہے۔ ملک کے تمام کانگریسی پرینکا گاندھی کی پارلیمنٹ میں داخلہ کا انتظار کررہے ہیں۔ سیاسی حلقوں میں یہ بات عام ہو چلی ہے کہ دونوں ریاستوں میں ہوئے انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد ملک کی سیاسی ماحول میں تبدیلی کے قوی امکانات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔