پولیس اکیڈیمی میں دو ٹرینی آئی پی ایس عہدیدار کورونا کا شکار

   

حیدرآباد ۔ /9 جون (سیاست نیوز) نیشنل پولیس اکیڈیمی میں زیرتربیت 2 ٹرینی آئی پی ایس عہدیدار بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ 2019 ء آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے دو زیرتربیت عہدیدار جنہیں حالیہ دنوں آؤٹ ڈور ٹریننگ پر بھیجا گیا تھا اور واپس لوٹنے کے بعد ان کے معائنے کئے گئے جس میں کورونا وائرس سے شکار ہونے کا پتہ چلا ہے ۔ ٹرینی آئی پی ایس عہدیدار مہلک مرض کا شکار ہونے کے نتیجہ میں سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل اکیڈیمی واقع شیورام پلی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی کیونکہ وہاں دیگر پولیس عہدیداروں کو بھی تربیت دی جارہی ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کورونا وائرس پازیٹیو ثابت ہونے کے بعد دو زیرتربیت آئی پی ایس عہدیداروں کو احاطہ پولیس اکیڈیمی کے ان کے کمروں میں ہی کورنٹائن کردیا گیا ہے اوران کا علاج جاری ہے ۔ پولیس اکیڈیمی کے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں ربط پیدا کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی عہدیدار نے بھی اس کا جواب دینے سے انکار کردیا ۔