پولیس میں 20 ہزار جائیدادو ں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ

   

کے ٹی آر کا چیف منسٹر ریونت ریڈی کو کھلا مکتوب
حیدرآباد : 3 جولائی ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے تارک راما راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ایک کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے محکمہ پولیس میں موجود 20 ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کیلئے فوری نوٹیفکیشن جاری کرنے مطالبہ کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے اپنے مکتوب میں کانگریس کے انتخابی منشور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تشکیل دینے پر ہر سال 2لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا بیروزگار نوجوانوں سے وعدہ کیا گیاتھا ، تاہم کانگریس حکومت کے 30 ماہ مکمل ہونے کے باوجود ابھی تک صرف 17 ہزار ملازمتیں ہی فراہم کی گئی ہیں جس سے بیروزگار نوجوانوں کی حکومت کے خلاف ناراضگی اور برہمی پائی جاتی ہے اور وہ کانگریس حکومت کو سبق سکھانے کیلئے صحیح وقت کا انتظار کررہے ہیں ۔ انہوں نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد نوجوانوں کی امیدوں پر پانی پھیر دینے کا چیف منسٹر ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ محکمہ پولیس میں 20 ہزار جائیدادیں مخلوعہ ہونے کا جو ڈی جی پی نے اعتراف کیا ہے اور ان جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان بھی کیا ہے لیکن اس کیلئے ابھی تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے جس سے بیروزگار نوجوانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ ملازمتوں کے حصول کیلئے پرُامن احتجاج کرنے والے بیروزگار نوجوانوں کے خلاف حکومت پولیس کی طاقت کا استعمال کرکے ان کے حق کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے مگر بی آر ایس بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ ہے ۔ اسمبلی اور سڑکوں پر احتجاج کرکے بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ ناانصافیوں کا پردہ فاش کرتی رہے گی ۔ انہوں یاد دلایا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں محکمہ پولیس میں 47 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ہیں ۔2