سائبر کرائم پولیس کی کارروائی ، ڈی سی پی سائبر کرائم کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) سائبر کرائم پولیس حیدرآباد نے تین افراد کو گرفتار کرلیا جو ایک خاتون کو پولیس کے نام پر دھمکاکر اس سے لاکھوں روپے رقم لوٹ چکے تھے اور خاتون کو پولیس کارروائی کے نام پر دھمکایا جارہا تھا۔ گرفتار افراد میں خاتون کا بھروسہ مند ساتھی بھی شامل ہے جو اس سازش کا اصل سرغنہ بتایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سائبر کرائم حیدرآباد دارا کویتا کے مطابق تین افراد امن جوشی ساکن رام کوئی، پرشانت ساکن شاہ عنایت گنج اور روہت شرما ساکن کالہ ہنومان بلاک کو گرفتارکرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے تین موبائیل فون، 5 ڈیبٹ کارڈ، تین سم کارڈس، 5 چیک بکس اور ایک کریڈیٹ کارڈ کو ضبط کرلیا۔ شکایت گذار خاتون کی پہچان بذریعہ اسناپ چاٹ امن جوشی سے ہوئی تھی اور امن جوشی سے دوستی ہوگئی۔ جوشی نے خاتون سے 15 ہزار روپے حاصل کئے جو واپس کرنے میں ناکام رہا جس کے بعد خاتون نے اس جوشی کو رقم دینے سے انکار کردیا۔ امن جوشی جو خاتون کے بارے میں جانتا تھا اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک سازش تیار کی اور خاتون کو لوٹنے کا منصوبہ بنایا۔ گرفتار دیگر دو افراد نے اپنی شناخت پولیس کے طور پر ظاہر کرتے ہوئے خاتون کو دھمکانا شروع کردیا۔ امن جوشی سے تعلقات کی بنیاد پر اس خاتون کو ہراساں کیا گیا۔ امن جوشی کے سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے اور امن جوشی کے ساتھ خاتون کے تعلقات کی بنیاد پر کارروائی کرنے کی دھمکی دی گئی اور اس طرح وقفہ وقفہ سے (48-38) لاکھ روپے لوٹ لئے گئے۔ خاتون کی شکایت کے بعد سائبر کرائم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ ع