پٹرول قیمتیں کم نہیں ہوسکتیں ‘ فلاحی اسکیمات کیلئے پیسہ درکار

,

   

قیمتوں میںاضافہ سے عوام کو شدید مشکلات کا اعتراف ۔ مرکزی وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان کا بیان

نئی دہلی ۔ مرکزی وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے آج کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں عوام کیلئے مشکلات کا باعث ہیں لیکن ان قیمتوں کو کم نہیں کیا جاسکتا کیونکہ حکومت فلاحی اسکیمات کیلئے پیسے بچا رہی ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں گذشتہ چند دنوں سے مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور یہ کئی شہروں میں 100 روپئے فی لیٹر کو پار کرچکی ہیں۔ دھرمیندر پردھان نے کہا کہ میں یہ اعتراف کرتا ہوں کہ فیول قیمتیں عوام کیلئے مشکلات کا باعث بن رہی ہیں لیکن یہ چاہے مرکزی حکومت ہو یا ریاستی حکومت ہو اس نے ایک سال میں 35,000 کروڑ روپئے ٹیکہ اندازی پر خرچ کئے ہیں۔ اتنے مشکل وقت میں ہم فلاحی اسکیمات پر خرچ کچنے پیسے بچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پردھان منتری غریب کلیان یوجنا اسکیم کیلئے ایک لاکھ کروڑ روپئے مختص کئے ہیں تاکہ غریب عوام کو آٹھ مہینوں تک مفت راشن دیا جاسکے ۔ پی ایم ۔ کسان یوجنا کے تحت کسانوں کے بینک کھاتوں میں ہزاروں کروڑ روپئے راست جمع کروائے گئے ہیں۔ حال ہی میں فصلوں کی اقل ترین امدادی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ۔ یہ سب کچھ جاریہ سال ہی میں ہو رہا ہے ۔ انہوں نے پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں اضافہ پر کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی تنقید کی مذمت کی اور کہا کہ اگر راہول گاندھی کو اتنی ہی فکر ہے تو انہیںچاہئے کہ وہ راجستھان اور مہاراشٹرا حکومتوں سے فیول قیمتوں میں کمی کرنے کو کہیں۔ حالیہ چند ہی دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پانچ تا چھ روپئے فی لیٹر سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔ جہاںحکومت کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میںاضافہ اس کی اصل وجہ ہے وہیں یہ بھی حقیقت ہے کہ حکومتوں کی جانب سے بہت زیادہ محصول اور اکسائز ڈیوٹی کا بوجھ بھی عوام پر مسلسل عائد کیا جا رہا ہے ۔ دھرمیندر پردھان نے کہا کہ پٹرولیم اشیا کی آمدنی فلاحی اسکیمات پر خرچ کی جا رہی ہے ۔