نامپلی کے مصروف علاقہ میں خوف و دہشت، فائر بریگیڈ عملہ نے آگ پر قابو پایا
حیدرآباد۔ 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) نامپلی کے علاقہ میں آج ایک پٹرول ٹینکر میں اس وقت آگ لگی جب ٹینکر سے پمپ میں پٹرول منتقل کیا جارہا تھا۔ اس واقعہ کے سبب علاقہ میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی۔ پٹرول پمپ عملہ کی جانب سے مقامی پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی اور فوری طور پر فائر انجن گاڑیوں کو طلب کرلیا گیا۔ اس واقعہ سے علاقہ میں افراتفری کا ماحول دیکھا گیا اور نامپلی کے مصروف ترین چوراہے، ایکمنار مسجد کے قریب اس واقعہ سے عوام خوف زدہ ہوگئے۔ راہگیر اور مقامی دوکاندار فوراً محفوظ مقام تلاش کرنے لگے۔ پمپ کے اسٹاف نے ڈرائیور اور کلینر کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم ان کی یہ کوشش ناکام رہی اور دو فائر انجن گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا جس پر پٹرول پمپ مالکین عملہ اور پولیس کے علاوہ آتش فرو عملہ اور عوام نے چین کی سانس لی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور وجوہات کا پتہ چلانے کی کوشش جاری ہے۔ ع