غریب اور متوسط طبقات پریشان، طالبات کیلئے این ٹی آر ٹرسٹ سے اسکالرشپ
حیدرآباد ۔10۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی شریک حیات نارا بھونیشوری نے پیاز کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ۔ این ٹی ٹرسٹ بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھونیشوری نے کہا کہ عام آدمی کو پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کے بوجھ سے نجات دلانے کیلئے حکومت کو اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پیاز کی قیمتوں میں کمی پر فوری توجہ دی جائے ۔ بھونیشوری نے کہا پہلی مرتبہ پیاز کی قیمت میں اس قدر بھاری اضافہ ہوا ہے ۔ غریب اور متوسط طبقات قیمتوں میں اضافہ سے پریشان ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری اس جانب توجہ مبذول کرتے ہوئے قیمتوں میں کمی کے اقدامات کریں۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں بھونیشوری نے طلبہ کے اسکالرشپ سے متعلق امتحان کی تاریخوں کا اعلان کیا ۔ انہوں نے آنجہانی این ٹی راما راؤ کے مجسمہ پر پھول مالا پیش کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ بھونیشوری نے بتایا کہ این ٹی آر ٹرسٹ کے ذریعہ ہر سال ایس ایس سی کامیاب طالبات کو انٹرمیڈیٹ کے لئے اسکالرشپ منظور کی جاتی ہے ۔ ٹرسٹ 22 لاکھ روپئے بطور اسکالرشپ جاری کرتا ہے ۔ گزشتہ پانچ برسوں سے امتحان منعقد کرتے ہوئے اہل طالبات کا انتخاب کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ GEST اسکالرشپ ٹسٹ 15 جنوری کو گنڈی پیٹ میں واقع این ٹی آر جونیئر و ڈگری گرلز کالج کے احاطہ میں منعقد ہوگا ۔ صبح 10 تا دوپہر 12 بجے تک ٹسٹ کے اوقات رہیں گے ۔ دونوں تلگو ریاستوں کے دسویں جماعت میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے این ٹی آر ٹرسٹ اسکالرشپ فراہم کرتا ہے۔ نارا بھونیشوری ٹرسٹ کی مینجنگ ٹرسٹی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکالرشپ ٹسٹ کے ذریعہ ابتدائی 10 رینک حاصل کرنے والی طالبات کو ماہانہ 5000 روپئے اور 11 تا 25 واں رینک حاصل کرنے والی طالبات کو ماہانہ 3000 روپئے اسکالرشپ دی جائے گی ۔ این ٹی آر گرلز جونیئر کالج میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے یہ مالی امداد فراہم کی جاتی ہے ۔ خواہشمند طالبات 13 ڈسمبر تک ویب سائیٹ www.ntrtrust.org پر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔