پیٹ بھر کھایا تو مرجائیں گے ، شامی جیلوں سے آزاد قیدی نئے خطرے سے دوچار

   

دمشق : شام میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اپوزیشن فورسز نے جیلوں میں قید افراد کو رہا کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق ان قیدیوں میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو دہائیوں سے ان جیلوں میں قید تھے اور ان میں سے اکثر شدید غذائی قلت اور دیگر بیماریوں کا شکار ہیں۔شام کی بدنام زمانہ صیدنایا جیل میں پہنچنے والے ڈاکٹروں کو خدشہ ہے کہ یہاں قید رہنے والے افراد ہیپاٹائٹس، ٹی بی اور دیگر بیماریوں کا بھی شکار ہوسکتے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جیل سے رہا ہونے والے ان قیدیوں کو طبی معائنے اور مناسب علاج کی ضرورت ہے تاکہ انہیں معمول کی زندگی کی طرف لایا جاسکے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اکثر قیدیوں کو طویل عرصے تک بہت کم خوراک پر زندہ رکھا گیا، اس وجہ سے انہیں یکدم پیٹ بھر کر کھانا کھلانا ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔