نئے نوٹیفکیشن کی اجرائی، 11 جنوری تک درخواستیں قبول کی جائیں گی
حیدرآباد۔/9 جنوری، ( سیاست نیوز)تلنگانہ کے پی جی طبی تعلیمی اداروں میں داخلوں کا عمل آخری مراحل میں ہے۔ تاحال ریاستی کوٹہ میں دوسرے مرحلے کے داخلے جاری ہیں۔ مرکز نے پی جی داخلوں کیلئے کٹ آف مارکس میں کمی کردی ہے جس کے لحاظ سے کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی نے چہارشنبہ کو ایک اور نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ ریاست میں سرکاری اور خانگی میڈیکل کالجس میں ریاستی کوٹہ کے تحت جملہ 1350 پی جی نشستیں ہیں۔ کٹ آف مارکس گھٹ جانے سے ماباقی نشستوں پر داخلوں کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ پی جی میں داخلوں کیلئے جنرل طلبہ کو 50 فیصد مارکس‘ ایس سی، ایس ٹی ، او بی سی اور معذور طلبہ کیلئے 40 فیصد مارکس لازمی ہے جس کی وجہ سے کئی یونیورسٹیز میں پی جی نشستیں مخلوعہ رہ جاتی تھیں۔ مرکزی حکومت نے جنرل امیدواروں کیلئے 15 فیصد اور ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے ساتھ معذورین طلبہ کیلئے کٹ آف مارکس میں 10 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یونیورسٹی نے کٹ آف مارکس گھٹانے کے بعد ماباقی نشستوں کی کونسلنگ کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ 8 جنوری کی شام 5 بجے سے 11 جنوری شام 6 بجے تک آن لائن میں رجسٹریشن کرانے کا موقع فراہم کیا گیاہے۔1