پٹنہ، 9 ستمبر (یواین آئی) بہار قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل کے ورکنگ قومی صدر تیجسوی پرساد یادو نے وزیراعلیٰ سمراٹ چوہدری کو خط لکھ کر عوام تقسیم کے نظام کے ڈیلروں کے آٹھ نکاتی مطالبات پر فوری اور بروقت فیصلہ لینے کی درخواست کی ہے ۔آر جے ڈی کی جانب سے بدھ کے روز میڈیا میں جاری کردہ خط میں یادو نے وزیراعلیٰ سے کہا ہے کہ عوامی تقسیم کے نظام کے ڈیلر ریاست کے پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم کی ایک اہم کڑی ہیں اور وہ سخت حالات میں بھی لاکھوں غریب اور ضرورت مند خاندانوں تک اناج پہنچانے کا کام کرتے ہیں۔ اس کے باوجود طویل عرصے سے ان کے معاشی اور انتظامی مسائل کا حل نہ نکالا جانا بدقسمتی ہے ۔قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ریکارڈ توڑ مہنگائی، بڑھتی ہوئی انتظامی مشکلات، کمیشن کی ادائیگی میں تاخیر اور تکنیکی مسائل کی وجہ سے پی ڈی ایس ڈیلروں کے سامنے سنگین معاشی بحران پیدا ہو گیا ہے ۔یادو نے گجرات کی طرز پر پی ڈی ایس ڈیلروں کو کم از کم 30 ہزار روپے ماہانہ مقررہ اعزازیہ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے جھارکھنڈ کی طرز پر ہمدردانہ بنیادوں پر تقرری کی وقت کی حد ختم کر کے اہل زیرکفالت افراد کو ہمدردی کی بنیاد پر تقرری کا التزام یقینی بنانے کی بھی اپیل کی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے ایک سال تک کا کمیشن زیر التوا ہے ۔ اس کی فوری ادائیگی کی ضرورت ہے ، کیونکہ کمیشن کی عدم ادائیگی سے ہزاروں ڈیلروں اور ان کے خاندانوں کے سامنے سنگین معاشی بحران کھڑا ہو گیا ہے