سرینگر 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں عسکریت پسندوں نے جمعہ کو پی ڈی پی کے ایک لیڈر کے پرسنل سکیورٹی آفیسر (پی ایس او) کو گولی مار دی۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہاکہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پی ڈی پی ے ایک لیڈر مفتی سجاد جو سابق چیف منسٹر محبوبہ مفتی کے قریبی رشتہ دار ہیں، نماز جمعہ کے لئے بیج بہارا میں واقع مسجد گئے تھے۔ یہ مسجد سجاد کے گھر سے تقریباً 50 میٹر دور ہے۔ پولیس نے کہاکہ عسکریت پسندوں نے پی ڈی پی لیڈر کے پی ایس او فاروق احمد کو قریبی فاصلہ سے گولی مار کر ہلاک کردیا جو مسجد کے باہر کھڑے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے پی ایس او سے رائفل چھین لینے کی کوشش بھی کی تھی۔ اس واقعہ کے بعد سارے علاقہ کی ناکہ بندیی کردی گئی اور حملہ آوروں کو پکڑنے کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کردی گئی۔
