نئی دہلی : موبائیل فون ری چارج ، ڈی ٹی ایچ کیلئے ادائیگی اور متعدد بلوں کے پیمنٹ والے پلے فارم پے ٹی ایم کیلئے جمعہ کو گوگل کے پلے اسٹور سے مختصر معطلی اور پھر واپسی کا دن رہا ۔ ٹکنالوجی کی بڑی کمپنی گوگل گیمبلنگ ( جوا وغیرہ) کے بارے میں سخت پالیسی رکھتی ہے ۔آن لائن کیسینو گوگل کی پالیسی کے مطابق ممنوع ہے جبکہ پے ٹی ایم کے سبسکرائبرس کیسینو جیسی سرگرمیوں کیلئے بھی اس پلیٹ فارم کا استعمال کررہے تھے ۔ گوگل نے پے ٹی ایم کو معطل کرتے ہوئے واضح کیا کہ گیمبلنگ سے متعلق پالیسی کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔ تاہم ، پے ٹی ایم نے فوری حرکت میں آتے ہوئے گوگل کے اعتراضات کے مطابق کارروائی کی جس پر گوگل نے پے ٹی ایم ایپ کو دوبارہ پلے اسٹور پر بحال کردیا۔ اس سے لاکھوں سبسکرائبرس کو راحت ملی جن کا پے ٹی ایم سے خطیر رقومات کے ساتھ ربط ہے۔