چتوڑ گڑھ: راجستھان کے چتور گڑھ ضلع میں تین دنوں سے مسلسل بارش کے سبب دیوار گرنے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی، جب کہ راوت بھاٹہ علاقے کے اسکولوں میں دو دن کی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ضلع بھر میں اتوار کی شام سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ منگل کی شام تک جاری رہا جس کے باعث تمام چھوٹے اور بڑے ڈیم تالاب اوورفلو ہوگئے جس کے باعث شہر سے گزرنے والی گمبھیری اوربیڑچ ندی میں منگل کوطغیانی آگئی۔شہر میں سیلاب کی صورتحال سے بچنے کے لیے ضلع کلکٹر اروند پوسوال نے آبی وسائل اور پولیس افسران کے ساتھ دونوں ندیوں کا جائزہ لیا اور بچاؤ و راحت کی ہدایت دی۔ تاہم رات گئے گمبھیری ڈیم میں پانی کی آمد کم ہونے کی وجہ سے سیلابی صورتحال فی الحال ٹل گئی ہے ۔ دوسری جانب شہر کی کئی نئی بننے والی کالونیوں میں اب بھی تین تین فٹ پانی بھرا ہوا ہے ۔دریں اثناء تین روز سے جاری بارش کا منفی اثر دیہی علاقوں میں بھی دیکھنے میں آیا جس کی وجہ سے کل دوپہر سیمل پورہ گاؤں میں کچے مکان کی دیوار گر گئی جس کے باعث گھر میں کھانا پکانے والی خاتون ملبے تلے دب گئی۔ زخمی حالت میں ادے پور ریفر کیا گیا لیکن رات دیر گئے علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔