چلی:جنگلاتی آگ میں اموات کی تعداد23ہوگئی

   

نیٹاگو : چلّی کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں جنگلاتی آگ کے نتیجے میں اموات کی تعداد 23 تک پہنچ گئی ہے۔چلّی کی وزیر داخلہ کیرولینا توہا نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ” اموات کی تعداد مستقل تبدیل ہو رہی ہے اس وقت تعداد 23 تک پہنچ گئی ہے جو نہایت تکلیف دہ صورتحال ہے”۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہسپتالوں میں زیرِ علاج 16 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔نوبلے، بیو بیو اور لا آراوکینیا کے علاقے بھاری پیمانے پر لگی آگ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ علاقوں میں قومی ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا گیا ہے اور بھاری زمینی و فضائی مداخلت کے باوجود آگ قابو میں نہیں آ رہی۔وزیر زراعت ‘ایسٹیبان والینزویلا’ نے جاری کردہ بیان میں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ایک فائر بریگیڈ ہیلی کاپٹر کے گِرنے کی اطلاع دی ہے۔موصول معلومات کے مطابق نوبلے، بیو بیو اور لا آراوکینیا میں 50 سے زائد مقامات جنگلاتی آگ کی لپیٹ میں آئے ہوئے ہیں اور اس وقت تک 45 ہزار ہیکٹر سے زائد زرعی اراضی جل کر راکھ ہو گئی ہے۔آگ کے رہائشی علاقوں تک پہنچنے کی وجہ سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور 100 سے زائد مکانات جل گئے ہیں۔آگ بجھانے کی کاروائیوں میں فوجی بھی شامل ہیں۔ آگ کی وجہ سے ملک کے جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت 40 درجے تک پہنچ گیا ہے۔