چندرا بابو نائیڈو کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات

   

مرکزی بجٹ میں آندھرا پردیش کو مناسب حصہ داری کی نمائندگی، پولاورم اور دیگر پراجکٹس میں تعاون کی اپیل
حیدرآباد۔/25 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور آندھرا پردیش کے ترقیاتی امور پر نمائندگی کی۔ چندرا بابو نائیڈو نئی دہلی کے دورہ پر ہیں اور انہوں نے این ڈی اے کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ نائیڈو مختلف مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے امور پر نمائندگی کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مرکزی بجٹ میں آندھرا پردیش کو مناسب فنڈز مختص کرنے کیلئے وزیر اعظم سے نمائندگی کی گئی۔ فروری 2025 میں پارلیمنٹ میں مرکزی بجٹ پیش کیا جائے گا اور جاریہ سال کی طرح چندرا بابو نائیڈو بجٹ میں آندھرا پردیش کو موثر حصہ داری کے خواہاں ہیں۔ مرکزی اسکیمات کے فنڈز کی اجرائی کے علاوہ پولاورم پراجکٹ اور امراوتی شہرکی ترقی کیلئے بھی چندرا بابو نائیڈو نے فنڈز کی نمائندگی کی ہے۔ مودی حکومت نے گذشتہ بجٹ میں امراوتی کی ترقی کیلئے 15 ہزار کروڑ مختص کئے تھے۔ چندرا بابو نائیڈو نے رقومات جاری کرنے کی وزیر اعظم سے اپیل کی۔ وشاکھاپٹنم میں ریلوے زون کے قیام کی سنگ بنیاد تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کیا ہے۔ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر میں مرکز سے فنڈز کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش حکومت کے مختلف پراجکٹس میں مرکز سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے یادداشت حوالے کی۔ چندرا بابو نائیڈو مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن سے بھی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے مرکزی وزراء امیت شاہ، جے پی نڈا اور اشونی ویشنو سے ملاقات کی۔ مالیاتی سال 2025-26 کے مرکزی بجٹ میں آندھرا پردیش کو مناسب حصہ داری کیلئے نرملا سیتا رامن سے نمائندگی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق چندرا بابو نائیڈو نے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ وزیراعظم نے تعاون کا تیقن دیا ۔ 1

وزیر اعظم نے آندھرا پردیش کی ترقی میں مرکز کی جانب سے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نے ون نیشن ون الیکشن بل پر بھی چندرا بابو نائیڈو سے بات چیت کی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو اور تلگودیشم کے ارکان پارلیمنٹ موجود تھے۔1