دبئی: ہندوستانی اسپنر ورون چکرورتی کو جنوری 2025 میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی مین آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ وہ ویسٹ انڈیز کے جومیل وریکان اور پاکستان کے نعمان علی کے ساتھ اس اعزازکے لیے مقابلہ کریں گے۔ چکرورتی نے انگلینڈ کے خلاف چار ٹی20 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کیں، جس میں راجکوٹ میں 5/24 کی بہترین کارکردگی شامل ہے۔ ان کی اوسط 9.41 اور اکانومی ریٹ 7.01 رہا۔ ویسٹ انڈیز کے جومیل وریکان نے پاکستان کے خلاف ملتان میں10/101کی بہترین بولنگ کی اور دوسرے ٹسٹ میں 9 وکٹیں لے کر سیریز برابرکروانے میں اہم کردار اداکیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 85 رنز بھی بنائے اور پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان کے نعمان علی نے اسی سیریز میں 16 وکٹیں حاصل کیں، جس میں دوسرے ٹیسٹ میں10/121 کی شاندار کارکردگی شامل تھی۔ وہ ٹسٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی اسپنر بھی بنے۔