مختلف چیف منسٹرس نے محمود علی کی ستائش کی، واحد مسلم وزیر داخلہ کی حیثیت سے شرکت کا اعزاز
حیدرآباد 26 اگست (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے طلب کردہ چیف منسٹرس اجلاس میں اردو زبان کی گونج سنائی دی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اجلاس میں شرکت کی اور اردو میں خطاب کرکے دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس اور پولیس عہدیداروں کا دل موہ لیا ۔ اجلاس میں یوں تو ہندی میں مختلف تقاریر کی گئیں لیکن اردو میں یہ واحد تقریر تھی ۔ محمد محمود علی کو وزیر داخلہ کی حیثیت سے پہلی مرتبہ چیف منسٹرس اجلاس میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور وہ ملک کے واحد مسلم وزیر داخلہ ہیں جنہوں نے لا اینڈ آرڈر جیسے اہم مسئلہ پر اجلاس میں چیف منسٹر کی نمائندگی کی ۔ محمود علی سابق میں چینائی میں اقلیتوں کے مسائل پر چیف منسٹرس اجلاس میں کے سی آر کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ محمود علی کی تقریر کی انگریزی کاپی اجلاس میں تقسیم کی گئی ۔ تاہم انہوں نے اردو میں خطاب کیا ۔ انہوں نے جہاں ضرورت محسوس ہوئی انگریزی میں مخاطب ہوتے ہوئے حکومت کی تجاویز سے وزیر داخلہ اور وزارت داخلہ کے عہدیداروں کو واقف کرایا۔ اجلاس کے بعد دیگر ریاستوں کو چیف منسٹرس نے محمود علی کو اردو زبان میں مخاطب کرنے اور ملک کے واحد مسلم وزیر داخلہ ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔ محمود علی نے کہا کہ کے سی آر حقیقی معنوں میں سیکولر قائد ہیں اور وہ صرف دعویٰ نہیں کرتے بلکہ اس پر عمل کرتے ہیں۔ محمود علی نے چیف منسٹرس اور عہدیداروں کو تلنگانہ میں امن و ضبط کی بہتر صورتحال اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور رواداری کی برقراری سے واقف کرایا اور کہا کہ تلنگانہ امن و ضبط کے معاملہ میں ملک کی سب سے پرسکون ریاست ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مختلف شعبوں میں تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔