چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی ممبئی میں چیف منسٹر مہاراشٹرا سے ملاقات

   

کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت ، گورنر ودیا ساگر سے بھی ملاقات
حیدرآباد۔14جون(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ممبئی پہنچ کر گورنر مہارشٹرا کے علاوہ چیف منسٹر مہاراشٹرا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں 21 جون کو منعقد ہونے والی کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی شخصی طور پر دعوت دی۔ چیف منسٹر کے ہمراہ دورۂ ممبئی اور گورنر و چیف منسٹر مہاراشٹرا سے ملاقات کے موقع پر مسٹر وی پرشانت ریڈی ریاستی وزیر ‘ مسٹر جے سنتوش رکن پارلیمنٹ ‘ مسٹر پی راج شیکھر ریڈی رکن قانون ساز کونسل کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گورنر مہاراشٹرا مسٹر سی ایچ ودیا ساگر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں کالیشورم پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کروایا اور انہیں 21 جون کو منعقد ہونے جا رہی کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ انہو ںنے چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر دیویندر فڈنویس سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں بھی شخصی طور پر دعوت نامہ حوالہ کیا اور ان سے کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی خواہش کی ۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد شروع کئے جانے والی اس پراجکٹ کی افتتاحی تقریب کو قومی سطح پر اہمیت کی حامل بنانے اور ریاست کے ترقیاتی منصوبہ کی تشہیر کے لئے چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ نے کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں چیف منسٹرس کے علاوہ گورنر س کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس پراجکٹ کے افتتاح کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی جانب سے شخصی دلچسپی لی جا رہی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر ممبئی سے واپسی کے بعد وجئے واڑہ کا دورہ کرتے ہوئے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے شخصی ملاقات کریں گے اور انہیں بھی اس تقریب میں شرکت کے لئے شخصی طور پر مدعو کریں گے۔ کالیشورم پراجکٹ کے آغازسے ریاست کے کئی اضلاع میں زرعی اراضی کو سیر آب کیا جاسکے گا اور اس کے علاوہ ریاست کے شہری علاقوں میں پینے کے پانی کی سربراہی کے مسئلہ کو بھی حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔کالیشورم پراجکٹ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا خواب تھا جو کہ مختصر مدت میں مکمل ہونے جا رہاہے اور پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں چیف منسٹر تلنگانہ کی جانب سے لی جانے والی شخصی دلچسپی کے سبب پراجکٹ سے پانی پمپ کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا جا چکا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب کے بعد بھی پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلے میں انجام دئے جانے والے کام جاری رہیں گے۔