چیف منسٹر ٹاملناڈو کی حیثیت سے جوزف وجے کی حلف برداری

,

   

9 وزراء نے بھی حلف لیا، راہول گاندھی و دیگر قائدین کی تقریب میں شرکت
گورنر نے 13 مئی یا اس سے قبل اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی ہدایت دی

چینائی ۔10؍مئی ( ایجنسیز )تملگا ویٹری کزگم (ٹی وی کے) کے صدر جوزف وجے نے اتوار 10 مئی کو ٹاملناڈو کے چیف منسٹرکے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اسی کے ساتھ ریاست میں تقریباً 6 دہائیوں سے جاری 2 بڑی دراوڑی جماعتوں ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے باری باری اقتدار میں آنے کا سلسلہ ختم ہو گیا۔ ٹاملناڈو کے گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر نے وجے کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ واضح رہے کہ ہفتہ کو 234 ارکان والی اسمبلی میں 120 منتخب اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہونے کے بعد وجے کو حکومت سازی کی دعوت دی گئی تھی۔وجے نے صبح 10 بجے کے بعد چینائی کے نہرو اسٹیڈیم میں حلف اٹھایا۔ ان کے ساتھ ٹی وی کے کے کچھ سینئر رہنماؤں سمیت 9 دیگر اراکین اسمبلی نے بھی بحیثیت وزیر حلف لیا۔ وجے کانگریس کے تعاون سے اتحادی حکومت کی قیادت کریں گے۔ گورنر نے وجے کو 13 مئی یا اس سے پہلے اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ جن نو لیڈران نے وزیر کے طور پر حلف لیا وہ ہیں بسی این آنند، آدھو ارجن، کے جی ارون راج، کے اے سینگوٹّیان، پی وینکٹ رمن، سی ٹی آر نرمل کمار، اے راجموہن، ٹی کے پربھو اور ایس کیرتھنا۔حلف برداری کی اس تقریب میں ملک کے کئی بڑے رہنما بھی شریک ہوئے ہیں۔ کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی، تلنگانہ کی سابق گورنر اور بی جے پی لیڈر تمل سائی سوندرراجن، بی جے پی رہنما کے اناملائی اور ٹاملناڈو بی جے پی کے صدر نینار ناگیندرن بھی پروگرام میں پہنچے ۔ اس کے علاوہ فلم اور سیاست کی دنیا کی کئی نامور شخصیات بھی اس تقریب کا حصہ رہے۔ وجے کے والدین بھی اس خاص موقع پر موجود تھے۔ وہیں اداکارہ ترشا کرشنن کی موجودگی نے بھی لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ وجے کے فلمی کیریئر اور سیاست دونوں میں ان کی مقبولیت کا اثر تقریب میں صاف دکھائی دیا۔قابل ذکر ہے کہ ٹاملناڈو اسمبلی انتخاب میں وجے کی پارٹی کو 108 سیٹیں ملی تھیں جبکہ حکومت بنانے کیلئے 118 سیٹوں کی ضرورت تھی جس کی وجہ سے کئی دنوں تک سیاسی ہلچل مچی رہی۔ کانگریس نے پہلے ہی حمایت دے دی تھی اس کے بعد دیگر پارٹیوں نے بھی وجے کی حمایت کر دی۔ اس وقت وجے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ کو کانگریس کے 5 اراکین اسمبلی اور سی پی آئی، سی پی آئی ایم، وی سی کے سمیت آئی یو ایم ایل کے 2‘2 اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔ یہ تمام جماعتیں ڈی ایم کے کی قیادت والے سیکولر پروگریسو الائنس (ایس پی اے) کا حصہ بن کر الیکشن لڑی تھیں۔ اس موقع پر اسٹیڈیم میں جمع ہزاروں پارٹی کارکنوں، حامیوں اور فلمی شائقین نے زوردار نعروں سے ان کا استقبال کیا۔ اسٹیڈیم کے اندر صرف تقریباً 6 ہزار مہمانوں کو ہی وی آئی پی پاس کے ذریعہ جانے کی اجازت تھی۔ سیکورٹی انتظامات کی نگرانی چنئی پولیس کمشنر نے کی، جس میں 5 ایڈیشنل کمشنر اور 12 جوائنٹ کمشنر سیکورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے تھے۔

ٹاملناڈو کے نئے چیف منسٹر وجئے کو راہول گاندھی کی مبارکباد
چینائی۔10؍مئی ( ایجنسیز)اداکار سے سیاستداں بنے جوزف وجے نے آج ٹاملناڈو کے چیف منسٹرکے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر نے وجے کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ ان کے ساتھ 9 دیگر وزراء نے بھی حلف اٹھایا۔ تقریب میں کانگریس قائد راہول گاندھی سمیت کئی سرکردہ سیاسی لیڈران اور فلمی شخصیات موجود تھیں۔ راہول گاندھی نے نئے چیف منسٹر کو مبارکباد دی اور سیلفی بھی لی۔ H/A

ٹاملناڈو میں 200 یونٹ مفت بجلی اور خواتین کیلئے اسپیشل
فورس کا اعلان‘چیف منسٹر بنتے ہی ریاست کو وجے کاتحفہ
چینائی ۔10؍مئی ( ایجنسیز )ٹاملناڈو کے چیف منسٹر سی جوزف وجے نے اتوار کو حلف لینے کے فوراً بعد اپنی حکومت کے پہلے بڑے فیصلوں میں عوام کو تحفہ دیتے ہوئے 200 یونٹ مفت بجلی اور ’سنگاپن‘ خصوصی ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیا۔ جواہر لعل نہرو انڈور اسٹیڈیم میں حلف برداری تقریب کے فوراً بعد وجے نے سینئر افسران اور وزراء کی موجودگی میں اہم سرکاری فائلوں پر دستخط کیے جو ٹی وی کے حکومت کے فلاح و بہبود اور حکمرانی کے ایجنڈے کے آغاز کا اشارہ تھا۔ بحیثیت چیف منسٹراپنے پہلے خطاب میں وجے نے کہا کہ وہ جھوٹے وعدوں سے عوام کو کبھی گمراہ نہیں کریں گے اور ایمانداری سے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا کسی شاہی یا سیاسی خاندان سے کوئی تعلق نہیں ہے پھر بھی لوگوں نے انہیں قبول کیا اور حمایت کی۔ اس کے بعد انہوں نے خواتین کی حفاظت کیلئے ایک خصوصی فورس کی تشکیل اور گھریلو صارفین کو 200 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرنے سے متعلق پہلی فائلوں پر دستخط کیے۔وجے کو گورنر راجندر وشوناتھ ارلیکر نے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف دلایا۔ انہوں نے سی جوزف وجے کے نام پر عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ ’ٹی وی کے‘ نے اس وقت عہدہ سنبھالا جب ان کی پارٹی حال ہی میں ہوئے تمل ناڈو اسمبلی انتخابات میں 234 رکنی اسمبلی میں 108 سیٹیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھری۔ حالانکہ پارٹی اکثریت کے اعداد 118 کے نشان سے پیچھ رہ گئی لیکن کانگریس نے اسے حکومت سازی میں مدد کرتے ہوئے اپنی حمایت دی۔