دھان کی خریدی بقایہ جات 1468 کروڑ کی اجرائی کی درخواست، نئے راشن کارڈس کی اجرائی سے واقف کرایا
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر اغذیہ و سیول سپلائز پرہلاد جوشی سے ملاقات کی اور ریاست میں عوامی نظام تقسیم اور سیول سپلائز کے اُمور پر بات چیت کی۔ وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی کے ہمراہ اِس ملاقات میں چیف منسٹر نے تلنگانہ میں سیول سپلائز کے شعبہ کے استحکام کے لئے مرکز سے تعاون کی اپیل کی۔ اُنھوں نے غریب عوام کو چاول کی تقسیم اور دیگر اُمور میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے عوام کو نئے راشن کارڈس کی اجرائی سے واقف کرایا اور کہاکہ مرکزی حکومت کو تلنگانہ کے کوٹہ میں اضافہ کرنا چاہئے تاکہ راشن کارڈ ہولڈرس کو چاول سربراہ کیا جاسکے۔ تقریباً نصف گھنٹے تک چلی اِس ملاقات میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے کسانوں سے دھان کی خریدی کی پالیسی سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ 2014-15 ء میں تلنگانہ سے جو دھان حاصل کی گئی تھی اُس کے بقایہ جات 1468.94 کروڑ ہیں۔ مرکزی وزیر سے درخواست کی گئی کہ بقایہ جات جلد جاری کئے جائیں۔ وزیراعظم غریب کلیان یوجنا کے تحت سربراہ کئے جانے والے چاول کے بقایہ جات کے طور پر 343.27 کروڑ کی اجرائی کی درخواست کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پرہلاد جوشی نے تلنگانہ کے سیول سپلائز اُمور پر چیف منسٹر سے دوبارہ ملاقات کا تیقن دیا۔ مرکزی وزیر کو حکومت کی جانب سے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کی صورت میں چاول کے اضافی بوجھ کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ حکومت راشن کارڈ پر باریک چاول سربراہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کونسل انتخابات کے انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر کئی اضلاع میں راشن کارڈس کی اجرائی کو روک دیا گیا ہے۔ 1