علی گڑھ : چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کا دورہ کیا اور عہدیداروں سے ملاقات کے بعد ضلع میں کورونا مینجمنٹ کا جائزہ لیا۔ یوگی کے موجودہ دور حکومت میں یہ پہلا موقع ہے جب اُنھوں نے اے ایم یو کا دورہ کیا ہے ۔ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق چیف منسٹر صبح 10:50 بجے یونیورسٹی کیمپس میں واقع ہیلی پیڈ پر اترے جہاں سے وہ کووڈ کمانڈ سنٹر کا معائنہ کرنے کلکٹریٹ روانہ ہوئے ۔ بعدازاں انہوں نے اے ایم یو میں واقع جے این میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں علی گڑھ ڈویژن کے عہدیداروں سے جائزہ میٹنگ کی اور ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے بتایا کہ کووڈ ویکسین کورونا سے بچانے کے لئے حفاظتی حلقہ ہے جس پر کچھ لوگ افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ ویکسین مکمل طور سے محفوظ ہے اور ہر ایک کو ٹیکے لگائے جانے چاہئے تاکہ انفیکشن کے اثرات سے بچا جاسکے ۔