چین نے اروناچل پردیش سے لاپتہ ہوئے سبھی 5 نوجوانوں کو ہندوستان کو سونپ دیا

   

نئی دہلی۔ چین کی پیپلز لبریشن آرمی
(PLA)
نے اروناچل پردیش سے غائب ہوئے سبھی 5 نوجوانوں کو ہندوستان کو سونپ دیا ہے۔ ہندوستانی فوج کے ذرائع کے مطابق سبھی نوجوانوں کو آج صبح چین سے ہندوستان کیلئے روانہ کیا گیا۔ خبر ہے کہ ان نوجوانوں کو ہندوستان کی سرحد کے اندر داخل ہونے میں باضابطہ کارروائی سے گزرنا پڑے گا ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اروناچل پردیش سے غائب ہوئے سبھی 5 نوجوانوں کو چین کی فوج پیپلز لبریشن آرمی نے چھوڑ دیا ہے۔ سبھی نوجوان تقریباً ایک گھنٹہ پیدل سفر طئے کر کے کبیتھو سرحدی چوکی پہنچیں گے۔ اس سے پہلے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے بتایا تھا کہ اروناچل پردیش کے لاپتہ ہوئے سبھی 5 نوجوانوں کو چینی پیپلز لبریشن آرمی ہفتے کے روز ہندوستان کو سونپ دے گی۔ پی ایل اے نے پہلے تصدیق کی تھی کہ لاپتہ نوجوانوں کو ان کی سرزمین سے پکڑا گیا تھا اور سونپنے کے طور طریقوں پر کام کیا جا رہا ہے۔