بیجنگ: چین نے کوویڈ۔ 19کی وبا پھوٹنے کے تین سال بعد پہلی مرتبہ آج (بروز چہارشنبہ) سے تمام کیٹیگریز کے ویزے جاری کرنے کی اجازت دیتے ہوئے غیر ملکی سیاحوں کیلئے اپنی سرحدیں دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق کوویڈ۔19کے تدارک کیلئے سرحدوں پر نافذپابندی کے سخت اس آخری اقدام کو بھی واپس لینے کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا جب کہ گزشتہ ماہ حکام کی جانب سے کورونا وائرس پر ’فتح‘ کا اعلان کیا گیا تھا۔سیاحت کی صنعت سے وابستہ اندرونی ذرائع کو فوری طور پر سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد یا معیشت میں نمایاں اضافے کی توقع نہیں ہے ، 2019 میں عالمی سیاحت میں چین کا مجموعی مقامی پیداوار کا حصۃ صرف 0.9فیصد تھا لیکن سیاحوں کیلئے ویزا کا اجرا دوبارہ شروع کرنا بیجنگ کی جانب سے چین اور دنیا کے درمیان سفری سہولیات کو معمول پر لانے کیلئے بڑی کوشش کو ظاہر کرتا ہے جس نے جنوری میں شہریوں کو غیر ملکی سفر سے روکنے کی اپنی ایڈوائزری واپس لے لی تھی۔وزارت خارجہ نے کہا کہ چین کے وہ تمام علاقے جہاں وبائی مرض سے قبل ویزے کی ضرورت نہیں تھی وہاں ویزا فری انٹری بحال کردی جائے گی، اس میں جنوبی سیاحتی جزیرہ ہینان بھی شامل ہو گا جو روسی سیاحوں کا ایک بہت من پسند مقام ہونے کے ساتھ ساتھ شنگھائی پورٹ سے گزرنے والے کروز جہازوں کا بھی ترجیحی روٹ ہے ۔ہانگ کانگ اور مکاؤ سے چین کے سب سے خوشحال صوبے گوانگ ڈونگ میں غیر ملکیوں کیلئے ویزا فری انٹری بھی دوبارہ بحال ہو جائے گی، چینی تقریبات غیر ملکی سیاحوں کیلئے کھلی ہیں جب کہ رواں ماہ کے آخر میں بیجنگ میں چائنا ڈیولپمنٹ فورم اور اپریل میں شنگھائی آٹو شو بھی شروع ہونے جا رہا ہے ۔2022 میں چین میں اور وہاں سے جانے کیلئے صرف11کروڑ 57لاکھ سرحد استعمال کی گئی جن میں غیر ملکیوں کی تعداد تقریباً 45 لاکھ تھی، اس کے مقابلے میں کوویڈ ۔19سے قبل 2019 میں مجموعی طور پر 67کروڑ افراد نے چین کی سرحد کو استعمال کیا جن غیر ملکیوں کی تعداد 9 کروڑ 77 لاکھ تھی۔