نئی دہلی۔ ہندوستان نے چین کے میڈیا اداروں کی جانب سے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے پر سخت اعتراض کیا ہے اور ان سے من گھڑت رپورٹنگ سے بچنے کی گذارش کی ہے ۔ وزارت خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا،‘ ہم نے بالخصوص چین کی سرکاری میڈیا ’’چائنا ڈیلی‘‘ اور ’’ہوآنچی شباؤ‘‘(گلوبل ٹائمس) میں شائع رپورٹ کو دیکھا ہے جن میں قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے ) اجیت ڈوول کے حوالے سے کچھ تبصرے کئے گئے ہیں۔ یہ رپورٹس مکمل جھوٹ اور حقائق سے پرے ہیں‘‘۔ بیان میں کہا گیا’’ہم میڈیا سے ایسی من گھڑت رپورٹنگ سے بچنے کی گذارش کرتے ہیں۔’’چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے گزشتہ رات دعویٰ کیا تھا کہ ہندوستانی فوجیوں نے پینگانگ جھیل کے پاس لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) عبور کرکے فائرنگ کی ہے ۔ ہندوستان کی فوج نے یہاں ایک بیان جاری کرکے کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی دوطرفہ معاہدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے۔ چین کی حکومت ایل اے سی پر اپنے فوجیوں کے اشتعال انگیز سرگرمیوں کو چھپانے کیلئے گمراہ کن بیان دے رہی ہے جبکہ ہندوستانی فوجیوں نے کبھی بھی ایل اے سی کو عبور کرنے کی کوشش نہیں کی ہے۔ ہندوستان ایل اے سی پر تناؤ کم کرنے اور حالات معمول پر لانے کے تئیں پابند عہد ہے لیکن چین مسلسل اسے اشتعال دلانے والی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ ہندوستانی فوج نے کبھی بھی ایل اے سی عبور کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی کبھی فائرنگ سمیت کوئی اشتعال انگیز کارروائی کی ہے ۔