ڈاؤس میں صنعت کاروں کے ساتھ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اجلاس

   

ورلڈ اکنامک فورم کا فالو اپ اجلاس ہر سال جولائی میں حیدرآباد میں منعقد کرنے کی تجویز، مندوبین نے تائید کی

حیدرآباد ۔21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ورلڈ اکنامک فورم کے ہر سال جولائی میں فالو اپ اجلاس حیدرآباد میں منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ چیف منسٹر کی اس تجویز کو گلوبل بزنس لیڈرس اور پالیسی میکرس کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ ڈاؤس میں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات سے عالمی اداروں کو واقف کرانے کیلئے ’’جوائن دی رائیز‘‘ کے عنوان سے ایونٹ منعقد کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرمایہ کاری سے متعلق فیصلوں پر عمل آوری کیلئے ایک سال کے وقفہ سے اجلاس منعقدکرنے کے بجائے ہر سال جولائی یا اگست میں فالو اپ اجلاس منعقد کئے جائیں تاکہ سرمایہ کاری کا آغاز ہوسکے۔ چیف منسٹر نے عالمی اداروں کے نمائندوں کو فالو اپ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد میں گلوبل سمٹ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا جس میں 5.75 لاکھ کروڑ سرمایہ کاری کے معاہدات ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عام طور پر یادداشت مفاہمت طئے کرنے کیلئے ہم ڈاؤس کا دورہ کرتے ہیں لیکن جاریہ سال گلوبل بزنس سمٹ کی کامیابی کے بعد ہم ترقیاتی ویژن اور پالیسی کی تیاری میں مصروف ہیں۔ تلنگانہ رائیزنگ گلوبل سمٹ کی کامیابی کے بعد حکومت نے ورلڈ اکنامک فورم سے حیدرآباد میں فالو اپ اجلاس پر بات چیت کا فیصلہ کیا ہے ۔ عالمی نمائندوں کیلئے تلنگانہ کی جانب سے ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں میگا اسٹار چرنجیوی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے۔ تلنگانہ کے وفد میں ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو اور پی سرینواس ریڈی شامل تھے جنہوں نے مختلف شعبہ جات کی ترقی کے منصوبہ سے واقف کرایا۔1