پنچکولہ، 27 مئی (یواین آئی) ہریانہ کے پنچکولہ میں ایک ہی خاندان کے سات افراد ایک کار میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔پولیس نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے ابتدائی طور پر اسے اجتماعی خودکشی کا معاملہ قرار دیا ہے ۔پولیس کے مطابق پروین مِتّل (42سال) بیوی، تین بچوں اور والدین کے ساتھ پانچ روزہ ‘ہنومنت کتھا’ میں شرکت کیلئے اتراکھنڈ کے دہرادون سے پنچکولہ آئے تھے ۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ سبھی لوگوں نے کوئی زہریلی اشیا کھا کر خودکشی کی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پیر کی رات دیر گئے اطلاع ملی کہ پنچکولہ کے سیکٹر 27 میں کھڑی ایک کار میں میاں بیوی، تین بچوں اور دو بزرگوں سمیت سات افراد بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے ۔ انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ اس واقعہ کے پیچھے مالی بحران اور قرض کی وجہ ہو سکتی ہے ۔ حالانکہ معاملے کی تفتیش جاری ہے ۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم دہرادون جا کر خاندان کے رشتہ داروں سے بھی بات کرے گی۔