کاماریڈی میں سڑکوں پر تالاب کا منظر

   

نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کی وجہ بارش کا پانی جمع ، سنگین صورتِ حال

کاما ریڈی۔ 9 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاما ریڈی میں گزشتہ رات ہوئی موسلادھار بارش کے بعد اسٹیشن روڈ پر پولیس اسٹیشن کے روبرو صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی۔ نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی سڑک پر جمع ہوکر تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، جس کے خلاف 46 اور 47 ویں وارڈ کی کونسلر لکشمی نارائنہ نے جمع پانی میں بیٹھ کر علامتی احتجاج کیا۔ سڑک پر کئی گھنٹوں تک پانی جمع رہنے کے باعث کاما ریڈی تا کریم نگر اہم شاہراہ پر گاڑیوں اور راہ گیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ سڑک پر جمع گہرے پانی کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور معمول کی آمدورفت متاثر ہونے سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر اسی راستے پر واقع ضلع سرکاری دواخانے پہنچنے والے مریضوں، زخمیوں اور ان کے رشتہ داروں کے علاوہ ہنگامی خدمات انجام دینے والی 108 ایمبولنس گاڑیوں کو بھی شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ احتجاج کے دوران کونسلر لکشمی نارائنہ نے کہا کہ کاما ریڈی تا کریم نگر یہ اہم شاہراہ ضلع مستقر کی اہم آمدورفت کا ذریعہ ہے، لیکن ناقص نکاسی آب کے باعث معمولی بارش بھی عوام کے لیے سنگین مسئلہ بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک پر جمع پانی سے حادثات کا خطرہ پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ ہنگامی حالت میں دواخانے پہنچنے والے مریضوں کی زندگیوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ متعلقہ حکام کو جنگی خطوط پر اقدامات کرتے ہوئے بارش کے پانی کی نکاسی کا مستقل حل تلاش کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکام نے اس بنیادی مسئلے کو فوری طور پر حل نہیں کیا تو وہ اسی مقام پر دوبارہ دھرنا دینے پر مجبور ہوں گی۔ عوامی آمدورفت اور ہنگامی طبی خدمات سے براہِ راست جڑے اس اہم مسئلے پر فوری توجہ نہ دی گئی تو ہر بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ برقرار رہے گا، لہٰذا متعلقہ محکمہ کو عارضی اقدامات کے بجائے مؤثر اور مستقل نکاسی آب کا انتظام یقینی بنانا چاہیے۔