کانگریس حکومت کا پہلا عبوری بجٹ حقائق پر مبنی : چیف منسٹر ریونت ریڈی

   

اسمبلی میں محکمہ آبپاشی پر وائیٹ پیپر جاری کیا جائے گا، بجٹ کی پیشکشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات چیت

حیدرآباد ۔ 10 فبروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اور ایک سنسنی خیز فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ سکریٹریٹ، یادگار مجاہدین اور مجسمہ امبیڈکر کی تنصیب و تعمیرات میں بڑے پیمانے کی بدعنوانیاں ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بٹی وکرامارک کی جانب سے اسمبلی میں عبوری بجٹ پیش کرنے کے بعد اپنے چیمبر میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت کا پہلا عبوری بجٹ ریاست کو ترقی دینے اور عوام کی فلاح و بہبود کی طرف مثبت قدم بڑھنے کی عکاسی کرتا ہے۔ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے مؤثر میکانزم تیار کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ایک طرف نظم و نسق کو عوامی دہلیز تک پہنچایا جارہا ہے، دوسری طرف سابق بی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو دور کرتے ہوئے شفاف حکمرانی پیش کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ابھی تک میڈی گڈہ بیارج کی ویجلنس تحقیقات کرائی گئی ہے۔ جوڈیشیل تحقیقات بھی کرائی جائے گی۔ عدالتی تحقیقات میں حقائق منظرعام پر آئیں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ میڈی گڈہ کا معائنہ کرنے کیلئے دونوں ایوانوں کے تمام ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل کو دعوت دی گئی ہے۔ اگر 13 فبروری کو بی آر ایس کا جلسہ عام ہے تو دوسری تاریخ کو معائنہ کرنے ہم تیار ہے۔ قائد اپوزیشن کے سی آر خود وقت دیں، ہم اس دن معائنہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ یاپہلے سے مقرر کردہ تاریخ میں 12 تا 14 فبروری پر نظرثانی کرنے کیلئے بھی حکومت تیار ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ بجٹ حقائق پر مبنی ہے۔ سابق بی آر ایس حکومت بجٹ میں بڑے پیمانے پر فنڈز مختص کرتی تھی مگر اس کی اجرائی میں ناکام ہوجاتی تھی۔ کے سی آر 10 سال تک چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے باوجود بجٹ تخمینہ میں پوری طرح ناکام ہوگئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کے قرض معاف کرنے کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریتو بندھو اسکیم سے اہل کسانوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔ سابق بی آر ایس حکومت نے اس اسکیم میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی ہیں۔ سڑکوں، پہاڑوں، رئیل اسٹیٹ کاروبار کرنے والوں کو ریتو بندھو اسکم سے فائدہ پہنچایا ہے۔ سابق حکومت نے ترقیاتی و تعمیری کاموں کیلئے طلب کردہ ٹنڈرس میں بڑے پیمانے پر کمیشن حاصل کیا ہے۔ بی اے سی کے اجلاس میں ہریش راؤ کو شرکت نہ کرنے دینے کا عائد کردہ الزام کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی کے سربراہ ہے انہیں کے فیصلوں پر عمل آوری ہوتی ہے۔ 2014ء میں تلگودیشم کے ارکان اسمبلی کی حیثیت سے انہیں اور دیاکر راؤ کو بی اے سی کے اجلاس میں ہریش راؤ نے شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ کونسل کی توہین کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ارکان قانون ساز کونسل کی جانب سے چیف منسٹر سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ تلنگانہ کا لب و لہجہ ہے۔ ایوان کے عہدیدار دیکھ لیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اسمبلی میں محکمہ آبپاشی پر وائیٹ پیپر جاری کیا جائے گا۔ سابق بی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔2