کانگریس رکن اسمبلی سیتکا نے امبیڈکر مجسمہ کے پاس دھرنا دیا

   

حکومت کورونا علاج کی فراہمی میں ناکام، مفت علاج کی سہولت کا مطالبہ

حیدرآباد۔ کانگریس کی رکن اسمبلی سیتکا اور این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ نے آج حیدرآباد میںبشیر باغ میں واقع امبیڈکر مجسمہ کے پاس دھرنا منظم کیا اور کورونا متاثرین کیلئے امدادی اقدامات میں حکومت کی ناکامی کا الزام عائد کیا۔ کانگریس قائدین کی جانب سے مجسمہ امبیڈکر کو یادداشت کی نقل باندھی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ حکومت کورونا متاثرین کے بہتر علاج میں ناکام ہوچکی ہے لہذا وہ مجسمہ امبیڈکر کے پاس پُرامن احتجاج کررہے ہیں۔ رکن اسمبلی نے کورونا کے علاج کو آروگیہ سری کے تحت شامل کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ غریبوں کا مفت علاج ممکن ہوسکے۔ این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ نے کہا کہ کورونا وباء نے ملک بھر میں جو تباہی مچائی ہے اس سے روزانہ ہزاروں افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے سلسلہ میں حکومت کی مشنری پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ غریب اور متوسط طبقات کو مفت علاج کی سہولت فراہم کریں۔ ملک کی کئی ریاستوں میں کورونا کے مفت علاج کا اعلان کیا گیا۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ کورونا مریضوں کی منتقلی کیلئے زائد ایمبولنس کا انتظام کیا جائے ۔اس کے علاوہ ہر شخص کو گھر پر ٹیکہ اندازی کا انتظام رہے۔ انہوں نے کورونا سے فوت ہونے والوں کی آخری رسومات حکومت کی جانب سے انجام دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دس روزہ لاک ڈاؤن کیلئے عوام کو گھریلو ضروریات کی تکمیل کیلئے روزانہ 1500 روپئے مالی امداد کا مطالبہ کیا۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی نائب صدر راجیو ریڈی، این ایس یو آئی کے گریٹر حیدرآباد صدر ابھیجیت یادو اور دیگر قائدین نے حصہ لیا۔