حیدرآباد ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کانگریس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ وعدہ کے مطابق غریب لڑکیوں کی شادی میں ایک تولہ سونا بطور تحفہ دینے والی جماعت نہیں ہے بلکہ خواتین کے گلوں سے منگل سوتر اڑا لینے والی ٹولی ہے ۔ بانسواڑہ میں بلدیاتی انتخابی مہم چلاتے ہوئے کے ٹی آر نے عوام بالخصوص خواتین سے سوال کیا کہ شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیم میں یہاں کسی کو ایک تولہ سونا ملا ہے ۔ اگر سونا ملا ہے تو کانگریس کو ووٹ دیں ورنہ بی آر ایس کو ووٹ دیں ۔ انہو ںنے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی نے عوام سے 420 وعدے کئے تھے لیکن اقتدار حاصل کرنے کے بعد کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ انہو ںنے کہا کہ کانگریس کے دو سالہ دور حکومت میں نہ سونا ملا نہ اسکوٹی اور نہ ہی خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے اور بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 4000 روپئے اور نہ ہی 6 ضمانتوں پر عمل آوری ہوئی ہے ۔ کسانوں کے لیے نہ بانڈ ہے اور نہ ہی کسی قسم کی یقین دہانی تمام وعدے زبانی ثابت ہوئے ۔ چیف منسٹر بسوں میں مفت سفر کے نام پر خواتین کو گمراہ کررہے ہیں مگر مردوں سے بسوں میں سفر کرنے پر ڈبل قیمت وصول کی جارہی ہے ۔ ۔2
کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیراعظم نریندر مودی کو جھوٹ بولنے کے ماہر قرار دیتے ہوئے ان کی میٹھی باتوں کے جھانسے میں نہ پھنسنے کا عوام کو مشورہ دیا اور بلدیاتی انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے بی آر ایس حکومت کی کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی کوششوں سے بانسواڑہ کو میونسپلٹی کا درجہ ملا بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں بانسواڑہ میں 10 ہزار کروڑ روپئے سے زائد ترقیاتی کام کئے گئے 42 ہزار افراد کو پنشن 70 ہزار کسانوں کو ریتو بندھو اور 14 ہزار کسانوں کو ریتو بیمہ فراہم کیا گیا اس کے علاوہ 15 ہزار مستحقین کو شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیمات سے فائدہ پہونچایا گیا اور 30 ہزار خاندانوں کو کے سی آر کٹس دی گئی ۔ کے ٹی آر نے بلدی انتخابات میں بی آر ایس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے بی آر ایس پارٹی سے دغابازی کرنے والے پوچارام سرینواس ریڈی کو سبق سکھانے کی عوام سے اپیل کی ۔۔ 2