کانگریس قائدین آپسینکتہ چینی سے گریز کریں ناراضگی دور کرنے ریونت ریڈی کی مساعی

   

حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین میں اختلافات ختم کرنے انفرادی طور پر نکتہ چینی کی بجائے مسائل کی بنیاد پر منگوڑ اسمبلی حلقہ میں مہم چلانے کی اپیل کی ہے۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے اظہار ناراضگی کے پس منظر میں ریونت ریڈی نے قائدین کو ایک دوسرے پر نکتہ چینی سے گریز کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ منگوڑ اسمبلی حلقہ میں کامیابی حاصل کرنا ہم سب کا بنیادی مقصد ہے۔ عوامی مسائل پر ووٹرس سے رجوع ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی مخصوص قائد کو نشانہ بنانے کے بجائے ہم عوامی مسائل کو بہتر انداز میں پیش کریں۔ ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں اور کانگریس سے انحراف کرنے والے راجگوپال ریڈی کی جانب سے عوامی مسائل کے حل میں عدم دلچسپی کو موضوع بحث بنانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی اور اشیائے ضروریہ پر جی ایس ٹی کے نفاذ سے عوام کافی پریشان ہیں۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس حکومتوں نے مسائل میں اضافہ کیا ہے جبکہ دونوں پارٹیوں نے عوام سے کئی وعدے کئے تھے۔ ریونت ریڈی نے غریبوں، کسانوں، نوجوانوں اور پسماندہ و کمزور طبقات پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ر

ریونت ریڈی میں کورونا علامات
حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کورونا کی علامتوں کے باعث پارٹی سرگرمیوں سے دور ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نئی دہلی سے واپسی کے بعد ریونت ریڈی کی طبیعت بگڑ گئی اور کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر انہوں نے منگوڑ اسمبلی حلقہ میں آزادی کی گورو یاترا میں شرکت نہیں کی۔ ریونت ریڈی نے اپنی قیامگاہ سے منگوڑ اسمبلی حلقہ کی عوام اور پارٹی قائدین کیلئے ویڈیو پیام جاری کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی صحتیابی تک قیامگاہ پر آئسولیشن میں رہیں گے اور پارٹی قائدین سے ملاقات نہیں کریں گے۔ر