کانگریس نے منریگا کی اجرت میں اضافہ کا مطالبہ کیا

   

نئی دہلی 17جولائی (یو این آئی) کانگریس نے دیہی علاقوں میں لوگوں کو روزگار فراہم کرنے والی مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ اسکیم (منریگا) کے تحت اجرت میں اضافہ کرنے اور مزدوروں کو 15 دن میں ادائیگی کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں مزدوروں کی حاضری کے عمل کو آسان بنایا جانا چاہئے ۔ کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ جے رام رمیش نے جمعرات کے روز پریس بیان میں کہا کہ مودی حکومت منریگا کے مزدوروں کے کام کرنے کے طریقے اور ان کی اجرت کی ادائیگی وغیرہ کے حوالے سے نئے احکامات جاری کر کے معاملے کو پیچیدہ بنا رہی ہے ۔ فرضی طریقے سے ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کے معاملے بھی سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مئی 2022 میں حکومت نے منریگا کی حاضری اور کام کی نگرانی کے لیے نیشنل موبائل مانیٹرنگ سسٹم (این ایم ایم ایس) ایپ بنایا تھا اور رواں ماہ کی 8 تاریخ کو این ایم ایم ایس سے متعلق تمام مسائل کو باضابطہ طور پر قبول کر لیا گیا ہے ۔یہ شروع سے ہی واضح تھا کہ منریگا کے تحت کام کی جگہوں سے فوٹو اپ لوڈ کرنے کے نظام سے حقیقی مزدور ہی باہر ہوجائیں گے جن کی تصاویر نیٹ ورک یا کنیکٹیویٹی کے مسائل کی وجہ سے اپ لوڈ نہیں کی جا سکیں گی۔