حیدرآباد۔/17 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام کل 18 ڈسمبر کو ’’چلو راج بھون‘‘ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ چہارشنبہ کو 11 بجے دن صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی صدارت میں چلو راج بھون احتجاجی جلوس نکالا جائے گا۔ نیکلس روڈ پر واقع اندراگاندھی مجسمہ سے ریالی کا آغاز ہوگا اور راج بھون پہنچ کر اختتام عمل میں آئے گا۔ احتجاج میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل اور سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ امریکہ میں اڈانی کے اداروں کی مالیاتی بے قاعدگیوں کے منظر عام پر آنے کے بعد ہندوستان میں تحقیقات کی مانگ کرتے ہوئے احتجاج منظم کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت اڈانی اور ان کے اداروں کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ منی پور میں طویل عرصہ سے جاری تشدد کے واقعات کو روکنے میں مرکزی حکومت کی ناکامی پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ہر ریاست میں ’’چلو راج بھون‘‘ احتجاج کی اپیل کی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے پارٹی کارکنوں سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔1