نئی دہلی، 30 مئی (یواین آئی) بی جے پی نے جمعہ کو کانگریس کے ‘آپریشن سندور’ کے ثبوت کے مطالبے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اپنے لیڈر جے رام رمیش کے اس بیان کی سخت مذمت کی جس میں انہوں نے مبینہ طور پر دہشت گردوں اور ہندوستانی اراکین پارلیمنٹ کا موازنہ کیا ہے ۔بی جے پی کے قومی ترجمان اور رکن پارلیمنٹ سمبت پاترا نے یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کے رویہ پر سخت نکتہ چینی کی۔ ڈاکٹر پاترا نے مسٹر رمیش کی طرف سے دہشت گردوں اور ہندوستانی اراکین پارلیمنٹ کے مبینہ موازنہ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو اراکین پارلیمنٹ ہندوستان کی حمایت کرنے بیرون ملک گئے ہیں وہ ‘سیاحت کے لیے ‘ نہیں گئے ہیں۔ وہ بین الاقوامی فورمز پر ہندوستان کی خود اعتمادی اور انسداد دہشت گردی کی پالیسی کو مضبوطی سے پیش کرنے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کچھ لیڈروں جیسے راہل گاندھی، جے رام رمیش اور ریونتھ ریڈی کے بیانات نے نہ صرف ہندوستانی فوج کے حوصلے کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی ہے ، بلکہ ملک کے عام شہریوں کے اعتماد کو بھی بار بار کمزور کرنے کی کوشش کی ہے ۔” انہوں نے کہا کہ ایک اخبار نے ایک مشہور امریکی فوجی تجزیہ کار جان اسپینسر کا انتہائی سنجیدہ اور حقائق سے بھرپور مضمون شائع کیا ہے ۔ یہ مضمون صرف ایک رائے نہیں ہے بلکہ ایک ٹھوس عالمی تجزیہ ہے جو واضح طور پر بتاتا ہے کہ کس طرح ہندوستان کے مقامی ٹیکنالوجی ‘آکاش’ میزائل سسٹم اور دیگر دفاعی آلات نے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن فتح میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔