نئی دہلی۔ 23 مئی (یو این آئی) کیرالم کے وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیشن نے ہفتہ کو یہاں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ ہی پارٹی کے دیگر اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقات کی۔ کانگریس ذرائع کے مطابق ستیشن نے گاندھی اور کھرگے کے علاوہ لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہول گاندھی اور کیرالم کے وائناڈ سے کانگریس ممبر پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کئی دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔ گاندھی سے انہوں نے ان کی رہائش گاہ 10 جن پتھ میں ملاقات کی جبکہ کھرگے سے ملنے وہ ان کی 10، راجا جی مارگ پر واقع رہائش گاہ پہنچے ۔ ستیشن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے کے بعد وہ پہلی بار دہلی آئے ہیں اور اس دوران انہوں نے کانگریس کی اعلیٰ قیادت سے خیرسگالی ملاقات کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کے دوران انہوں نے کیرالم کی سیاسی صورتحال، ریاستی حکومت کی ترجیحات اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ قابل ذکر ہے کہ چار مئی کو کانگریس کی قیادت والے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کو کیرالم اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت ملنے کے بعد ستیشن کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر چنا گیا تھا۔ انہوں نے حال ہی میں کیرالم کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا ہے اور ریاست میں نئی حکومت کی قیادت سنبھالی ہے ۔