کانگریس کی فلیکسی پر تصویر سے رکن اسمبلی کرشنا موہن ریڈی ناراض

   

گدوال پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج
حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) محبوب نگر ضلع کے گدوال سے منتخب رکن اسمبلی بی کرشنا موہن ریڈی کو کونسل کے انتخابات میں اس وقت الجھن کا سامنا کرنا پڑا جب کانگریس پارٹی نے اپنے پوسٹرس اور فلیکسی میں ان کی تصویر کو شامل کیا۔ کرشنا موہن ریڈی اور دیگر 9 منحرف ارکان کو نااہل قرار دینے کیلئے کے ٹی آر نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس کی مارچ کے پہلے ہفتہ میں سماعت مقرر ہے۔ سپریم کورٹ میں مقدمہ کے پیش نظر بی کرشنا موہن ریڈی اپنی وابستگی کو بی آر ایس کے ساتھ برقرار رکھنے پر مجبور ہیں اور کانگریس کی فلیکسی پر ان کی تصویر سے دشواریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ قانونی کشاکش سے بچنے کیلئے کرشنا موہن ریڈی نے پولیس میں شکایت درج کرتے ہوئے ان کی تصویر شامل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں وہ بی آر ایس پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں اور بعض کانگریس قائدین اور کارکن اجازت کے بغیر فلیکسی پر ان کی تصویر کو شامل کررہے ہیں تاکہ ان کے امیج کو نقصان پہنچایا جائے۔ انہوں نے پولیس میں تحریری شکایت درج کرائی۔ واضح رہے کہ کرشنا موہن ریڈی اور دیگر 9 بی آر ایس ارکان نے مختلف اوقات میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ کرشنا موہن ریڈی نے گدوال ٹاون پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی جس پر فلیکسی لگانے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔1