کانگریس کی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر ریالی کی اجازت نہیں دی گئی

   

ڈی شراون اور انجن کمار یادو کا الزام، سرینواس یادو کو زبان قابو میں رکھنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون اور صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر ٹی آر ایس قائدین نے پولیس کی ملی بھگت سے کانگریس کو ریالی کی اجازت نہیں دی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر شراون اور انجن کمار یادو نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی اور اتم کمار ریڈی پر ریاستی وزیر سرینواس یادو کے بیان پر تنقید کی ۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ کمشنر پولیس کو خوش کرنے کیلئے سرینواس یادو نے اتم کمار ریڈی کے خلاف گھٹیا الفاظ کا استعمال کیا ہے ۔ انہوں نے سرینواس یادو کو انتباہ دیا کہ وہ کانگریس قائدین کے خلاف ایسی زبان کے استعمال سے گریز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سرینواس یادو کو اپنی زبان قابو میں رکھنا چاہئے ورنہ سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔ شراون نے کہا کہ پولیس کی تائید کرنا ہے تو کانگریس کو اعتراض نہیں لیکن اتم کمار ریڈی کو نشانہ بنایا گیا تو ہم بھی اسی طرح کی زبان استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرینواس یادو کے بیان سے ان کی تہذیب کا پتہ چلتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ریالی کی اجازت نہ دیئے جانے پر جب کانگریس نے ستیہ گرہ کا فیصلہ کیا تو پولیس نے کارکنوں کو گاندھی بھون کے روبرو گرفتار کرلیا ۔ اتم کمار ریڈی نے جب اس سلسلہ میں کمشنر پولیس انجنی کمار کو فون کیا تو کمشنر نے انتہائی نازیبا لہجہ میں گفتگو کی ۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ جب آر ایس ایس کو ریالی اور مجلس کو جلسوں کی اجازت دی جاسکتی ہے تو پھر کانگریس کو ریالی کی اجازت کیوں نہیں۔ کانگریس کوئی دہشت گرد تنظیم نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو عوامی تائید سے خوفزدہ ہوکر اسے عوام کے درمیان جانے سے روکنے کی سازش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سیاسی جماعت کے ریاستی صدر اور پارلیمنٹ کے رکن کے ساتھ گفتگو کرنے کا انجنی کمار کا طریقہ کار قابل مذمت ہے۔ شراون نے کہا کہ سرینواس یادو کے سی آر کے پیر پڑھ کر سیاست میں برقرار ہیں۔ تلگو دیشم میں رہتے ہوئے انہوں نے کے سی آر پر کئی الزامات عائد کئے تھے۔ سرینواس یادو نے تلنگانہ تحریک کی مخالفت کی تھی ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ آندھراپردیش کیڈر کے آئی پی ایس عہدیدار تلنگانہ میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایس عہدیداروں کو برسر اقتدار پارٹی کے اشاروں پر کام کرنے کے بجائے دستور کے مطابق فرائض انجام دینا چاہئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس عہدیدار ٹی آر ایس کے ایجنٹ کی طرح کام کر رہے ہیں ۔ پریس کانفرنس میں جنرل سکریٹری پردیش کانگریس ایس کے افضل الدین بھی موجود تھے۔