کانگریس کی 6 ضمانتوں میں مسلمانوں کو 10 فیصد حصہ داری

   

ریونت ریڈی کی محبوب عالم خاں سے ملاقات
حیدرآباد ۔6۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تیقن دیا کہ تلنگانہ عوام کے لئے کانگریس کی جانب سے اعلان کردہ 6 ضمانتوں پر عمل آوری میں مسلمانوں کو 10 فیصد حصہ داری دی جائے گی تاکہ تمام اسکیمات سے اقلیتوں کو موثر انداز میں فائدہ ہو۔ ریونت ریڈی نے کل رات نواب محبوب عالم خاں سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور اقلیتوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ عنبر پیٹ اسمبلی حلقہ کے کانگریس امیدوار روہن ریڈی کے ہمراہ ریونت ریڈی نے محبوب عالم خاں اور مسلمانوں کے دیگر نمائندوں سے تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں کے سی آر نے مسلمانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ کانگریس پارٹی مسلم اقلیت کی تعلیمی اور معاشی ترقی میں سنجیدہ ہے اور سونیا گاندھی نے تلنگانہ کیلئے جن 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے ، ان میں مسلمانوں کی بھی حصہ داری رہے گی۔ ریونت ریڈی نے ضمانتوں میں شامل تمام اسکیمات پر عمل آوری میں مسلمانوں کو 10 فیصد حصہ داری سے اتفاق کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں وہ کانگریس ہائی کمان سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے اقلیتی پیشہ ورانہ کالجس کے امور میں مداخلت نہ کرنے ، فیس ری ایمبرسمنٹ کی بروقت اجرائی اور اقلیتی طلبہ کیلئے اسکالرشپ اسکیم کے احیاء کا تیقن دیا۔ جناب محبوب عالم خاں اور دیگر اقلیتی نمائندوں نے تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔