کانگریس کے اقتدار کو روکنے بی آر ایس کو مجلس اور بی جے پی کی تائید

,

   

راہول گاندھی کا الزام، کے سی آر حکومت کو بیدخل کرنے خواتین سے تائید کی اپیل، منتھنی میں خواتین سے کانگریس قائد کا خطاب
حیدرآباد ۔2۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار سے روکنے بی جے پی اور مجلس، بی آر ایس کی مدد کر رہے ہیں۔تلنگانہ میں انتخابی مہم کے تیسرے دن منتھنی کے امبٹی پلی گاؤں میں راہول گاندھی نے آج خواتین کے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی زمینداروں کی حکومت کو بیدخل کرکے عوامی حکومت تشکیل دینا چاہتی ہے جو عوام کی ترقی اور بھلائی کے کام انجام دیگی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کا مقابلہ بی آر ایس سے ہے لیکن مجلس اور بی جے پی کانگریس کی کامیابی کو روکنے کی سازش کرکے بی آر ایس کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی اور بی آر ایس کی سازش کا شکار ہوئے بغیر کانگریس کی مکمل تائید کریں تاکہ تلنگانہ میں حقیقی عوامی حکومت تشکیل دی جاسکے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت زمینداروں کی حکومت نے عوامی خزانہ کو لوٹ لیا ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ پراجکٹ کی مالیت میں مسلسل اضافہ کرکے ایک لاکھ کروڑ کی چوری کی گئی ہے ۔ پراجکٹ سے عوام کو فائدہ نہیں ہوا بلکہ کے سی آر اور ان کے خاندان کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں نے کالیشورم کو بی آر ایس کا اے ٹی ایم قرار دیا ہے اور وہ اس سے اتفاق کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم کو بی آر ایس کے اے ٹی ایم کے بجائے کے سی آر کا اے ٹی ایم لکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو قرض سے نجات دلانے ہر خاندان 2040 تک سالانہ 31500 روپئے ادا کریگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین تلنگانہ کو مستقبل کی محافظ ہیں اور کانگریس نے برسر اقتدار آنے پر ان کی بھلائی کیلئے مختلف فیصلے کئے ہیں۔ کے سی آر حکومت نے 9 سال میں جتنی رقم لوٹی ہے اسے عوام کے اکاؤنٹ میں جمع کیا جائے گا۔ مہا لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے امداد دی جائے گی۔ 1000 روپئے کا گیس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا ۔ ریاست میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت رہے گی۔ اس طرح تینوں اسکیمات سے ہر خاتون کو 4000 روپئے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس ہی عوام کی بھلائی کرسکتی ہے اور تلنگانہ میں عوامی حکومت کی تشکیل کانگریس کا بنیادی مقصد ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ تلنگانہ سے زمینداروں کی حکومت کے خاتمہ کیلئے وہ خواتین سے تائید کی اپیل کرتے ہیں۔ منتھنی میں صبح کے وقت جلسہ عام کے باوجود خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور راہول گاندھی کے ساتھ خواتین کے گروپ نے تصویر کھچوائی۔ رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو نے راہول گاندھی کی ہندی تقریر کا تلگو میں ترجمہ کیا۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔