ریونت ریڈی پرچم کشائی انجام دیں گے، تلنگانہ گیت اور تلگو تلی مجسمہ کی تیاری
حیدرآباد ۔16 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے کل 17 ستمبر کو ریاست گیر سطح پر حیدرآباد کے انضمام کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرائیں گے۔ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ ، انجن کمار یادو اور نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی نے یوم انضمام حیدرآباد کے سلسلہ میں ہر ضلع میں پرچم کشائی کیلئے ضلع کمیٹیوں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام کے لئے کانگریس نے جدوجہد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی جدوجہد آزادی اور حیدرآباد اسٹیٹ کی جدوجہد میں بی جے پی کا کوئی رول نہیں ہے ۔ پنڈت جواہر لال نہرو اور سردار پٹیل نے انضمام میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سردار پٹیل کے نام کو اپنے سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ ریاست بھر میں کل پرچم کشائی کے بعد ’’جیا جیا ہو تلنگانہ‘‘ گیت گایا جائے گا جسے کانگریس برسر اقتدار آنے پر ریاستی گیت کا درجہ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد گاڑیوں کے رجسٹریشن پر TS کی جگہ TG شامل کیا جائے گا۔ سماج کے کمزور اور محنت کش طبقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے تلنگانہ تلی کا مجسمہ تیار کیا جارہا ہے جس کا ڈیزائین کل جاری ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تلی مجسمہ کے بارے میں پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ تمام قائدین سے مشاورت کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا گیا۔ ریاست کے 119 اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس پارٹی تلنگانہ تلی کا مجسمہ نصب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے علحدہ پرچم تیار کیا جارہا ہے۔ شعراء ، دانشوروں اور مجاہدین آزادی کے مشورہ سے پرچم تیارکیا جائے گا ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حکومت نے سکریٹریٹ کی عمارت کو ڈاکٹر امبیڈکر سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن 120 فٹ بلند امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ ر