بنگلو ر : کرناٹک میں بیشتر بورڈس اور کارپوریشنس کیلئے نامزدگی کے مسئلہ پر جے ڈی ایس اور کانگریس اتحاد میں اختلافات کی میڈیا اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے دعوی کیا کہ بغیر کسی مسئلہ کے حکومت آسانی کے ساتھ جاری ہے ۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نامزدگیوں پر بعض تکنیکی مسائل دور نہیں کئے گئے تھے اور بعض پر تقرر روکے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ حلیف جماعتوں کے درمیان سنگین اختلافات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بی جے پی کے لیڈروں نے حکومت کے بارے میں کئی مہلتیں دی تھیں۔تاہم یہ تمام باتیں کھوکھلی ثابت ہوئیں ۔نئی مہلت جو بی جے پی کے لیڈروں کی جانب سے دی گئی ہے وہ بھی اسی طرح ہی ہوگی ۔ اڈوپی ضلع کے ۷؍ ماہی گیروں کے لاپتہ ہونے کے مسئلہ پر انہوں نے کہا کہ ان کی تلاش جاری ہے ۔ اس مسئلہ پر ان کے خاندان والوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔