کاپو طبقہ کو بھون کی تعمیر کیلئے 5 ایکڑ اراضی مختص کرنے کا مطالبہ

   

سیوا لعل بنجارہ بھون ، کمرم بھیم آدی واسی بھون اور دیگر طبقات کے ساتھ انصاف ، کاپو طبقہ سے استحصال کرنے کا الزام
حیدرآباد۔17۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں سیوالعل بنجارہ بھون‘ کمرم بھیم آدی واسی بھون کے علاوہ دیگر طبقات کے لئے بھون کی تعمیرکے بعد اب تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کاپو طبقہ کے شہریوں نے حکومت تلنگانہ سے اپیل کی ہے کہ انہیں شہر حیدرآباد میں 5ایکڑاراضی مختص کی جائے تاکہ کاپو بھون کی تعمیر عمل میں لائی جاسکے۔ریاستی صدر آندھراپردیش بھارت راشٹر سمیتی ڈاکٹر ٹی چندراشیکھر کو کاپو سنگھالا ویلفیر سمیتی کے عہدیداروں نے ملاقات کرتے ہوئے انہیں حوالہ کئے گئے مکتوب میں حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کاپو طبقہ کو 5ایکڑ اراضی مختص کرے۔کاپو سنگھ کے صدر ایم چنا راگھولو نے بی آر ایس ریاستی صدر آندھراپردیش سے ملاقات اور اس مکتوب کی حوالگی کے دوران کہا کہ تلگو ریاستوں میں کاپو طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی آبادی موجود ہے اور اس آبادی کا مسلسل استحصال ہوتا آیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ و آندھرا پردیش میں آبادی کا بڑا حصہ کاپو طبقہ تلگو دیشم اور وائی ایس آر سی پی کے دور میں سیاسی استحصال کا شکار ہوتا رہا ہے ۔صدر کاپو سنگھ نے بتایا کہ اب ان کے طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد مزید سیاسی استحصال کا شکار نہیں ہوں گے بلکہ ان سیاسی جماعتوں کو سبق سکھائیں گے جن سیاسی جماعتوں نے اب تک ان کا استحصال کیا ہے۔تلگو ریاستوں میں کاپوطبقہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مطالبہ کے سلسلہ میں ڈاکٹر ٹی چندرشیکھر صدر بی آر ایس آندھراپردیش نے بتایا کہ وہ کاپو سنگھ کے مطالبہ کے سلسلہ میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے تبادلہ خیال کریں گے اورانہیں اس سلسلہ میں متوجہ کرواتے ہوئے 5ایکڑ اراضی کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔صدر بی آر ایس آندھرا پردیش نے بتایا کہ بھارت راشٹریہ سمیتی نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں وہ آندھراپردیش کے تمام حلقہ جات اسمبلی پر مقابلہ کرے گی اور اس کے لئے جو منصوبہ تیار کیا جا رہاہے اس میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ مساوی انصاف اور انہیں ترقی فراہم کرنے کے ذریعہ سماجی مساوات کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی طبقہ کو محروم نہیں رکھا جائے گا بلکہ انہیں ترقی کی راہیں ہموار کرواتے ہوئے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔م