خواتین سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں ، ریاست میں 40 فیصد جرائم میں اضافہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے ریونت ریڈی حکومت پر خواتین کو بھروسہ دلا کر دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا ۔ کانگریس حکمرانی میں کرسمس گفٹ ، رمضان تحفہ ، بتکماں ساڑیوں کی تقسیم روک دینے کی مذمت کی ۔ میدک چرچ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کویتا نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے مالی امداد دینے کا وعدہ کیا ۔ حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کے باوجود خواتین سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ شادی مبارک اور کلیانہ اسکیمات کے ساتھ دلہنوں کو ایک تولہ سونا تحفے میں دینے کا وعدہ کیا گیا اس وعدے کو بھی فراموش کردیا گیا ۔ بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل نے کہا کہ ریاست میں ہر ایک خاتون کو کانگریس حکومت 30 ہزار روپئے باقی ہے ۔ 18 سال مکمل کرنے والی طالبات کو اسکوٹی دینے کا وعدہ کیا گیا اس پر بھی کوئی عمل آوری نہیں ہوئی ۔ ریاست میں 40 فیصد جرائم میں اضافہ ہوجانے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ کویتا نے کہا کہ شرائط پر مشتمل ریتو بھروسہ اسکیم پر عمل کرنے سے 30 فیصد کسان اس اسکیم سے محروم ہوجانے کا دعویٰ کیا ۔ اقلیتوں کے ساتھ کئے گئے کوئی بھی وعدے کو پورا نہ کرنے پر کانگریس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں ریاست کا لا اینڈ آرڈر مکمل کنٹرول میں تھا ۔ نئی نئی فلاحی اسکیمات متعارف کراتے ہوئے سماج کے تمام طبقات کو فائدہ پہونچایا گیا تھا ۔ کانگریس کا ایک سالہ دور حکومت مایوس کن ہے ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے ۔۔ 2