کرناٹک میں المناک سڑک حادثہ، 9 مزدور ہلاک

   

ٹمکور/بنگلور : ٹمکور میں کلم بیلا کے قریب جمعرات کی صبح ایک سڑک حادثہ میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے اس کی اطلاع دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح 4.30 بجے ایک مسافر گاڑی اور لاری کے درمیان ٹکرانے کی وجہ سے پیش آیا۔ذرائع کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد رائچور ضلع کے مختلف علاقوں سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور تھے اوریہ تمام بنگلورو جا رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گاڑی میں لگ بھگ 24 مسافر سوار تھے اور اس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ٹمکور کے ڈپٹی کمشنر وائی ایس پاٹل نے کہاکہ وہ کل دوپہر ایک بجے کروزر سے نکلے تھے، آج صبح تقریباً 4.30 بجے جب ان کی گاڑی لاری کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کر رہی تھی، لاری نے گاڑی کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس سے وہ پلٹ گئی۔ انہوں نے کہا کہ نو لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور باقی 15 کو علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دو کی حالت نازک ہے جنہیں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ نیورولوجیکل سائنسز بنگلورو ریفر کیا گیا ہے۔سڑک حادثے کو دل دہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور معاوضے کا اعلان بھی کیا۔