چیف منسٹر کا اعلان ۔ ریونت ریڈی نے اسٹار فاسٹ بولر کو تہنیت پیش کی
حیدرآباد 9 جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے کرکٹر محمد سراج کو سرکاری ملازمت کے علاوہ مکان کی تعمیر کیلئے پلاٹ الاٹ کیا جائے گا۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج محمد سراج سے ملاقات کے دوران یہ اعلان کیا ۔ کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی محمد سراج نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کرکے انہیں ٹیم انڈیا کی جرسی پیش کی۔ چیف منسٹر نے کرکٹر محمد سراج کو تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کی اور انہیں T20 ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے موقع پر وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی‘ پی سرینواس ریڈی ‘سابق ہندوستانی کرکٹ کپتان محمد اظہر الدین و دیگر کانگریسی قائدین اور عہدیدار موجود تھے ۔ ریونت ریڈی اور کرکٹر محمد سراج کی ملاقات میں موجود قائدین نے بھی محمد سراج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہندوستان کی ٹیم میں حیدرآباد کے فاسٹ بولر کی موجودگی شہر تلنگانہ کیلئے باعث فخر ہے۔چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ محمد سراج کو حوالہ کرنے پلاٹ کی نشاندہی کریں تاکہ حکومت سے انہیں مکان کی تعمیر کیلئے اراضی حوالہ کی جاسکے۔محمد سراج نے چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران T20ورلڈ کپ کے تجربات سے واقف کروایا اور کہا کہ ہندستانی کرکٹرس نے اس عالمی کپ کیلئے جو کوششیں کی تھیں اس میں انہیں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔چیف منسٹر نے محمد سراج کو باصلاحیت کرکٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمد سراج نے اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ دنیا بھر میں تلنگانہ کے نام کو روشن کیا ہے اور آئندہ بھی وہ ملک کیلئے اسی طرح اپنی پور صلاحیتوں کا مظاہر کرتے ہوئے شہر حیدرآباد اور تلنگانہ کے نام کو روشن کریں گے۔3