کرینہ کپور کا حاملہ ہونے کی افواہوں پر مزاحیہ ردعمل!

   

ممبئی ، 23 اگست (ایجنسیز) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے جِم سے باہر نکلتے وقت کی اپنی ایک وائرل ویڈیو کے بعد حاملہ ہونے کی افواہوں پر ذو معنی انداز میں ردعمل دیا ہے۔ کرینہ کی حالیہ تصاویر سامنے آنے کے بعد کچھ سوشل میڈیا صارفین یہ قیاس آرائیاں کررہے تھے کہ وہ امید سے ہیں۔ اداکارہ کی ٹیم اور سیف علی خان کی ہمشیرہ صبا پٹودی کی جانب سے ان افواہوں کی تردید کے بعد اب کرینہ نے خود بھی سوشل میڈیا پر ایک مزاحیہ پوسٹ کے ذریعے ان خبروں کا جواب دیا ہے۔ کرینہ نے انسٹاگرام پر ایک ایسے شخص کی تصویر شیئر کی جو اپنا پھولا ہوا پیٹ دکھا رہا ہے، جس کے پس منظر میں فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کا گیت ’چاکلیٹ لائم جوس‘ چل رہا تھا۔ انہوں نے پوسٹ کے ساتھ ہنسنے والے اور پیزا کے ایموجیز بھی شامل کیے، جس سے بظاہر یہ اشارہ ملتا ہے کہ وائرل ویڈیو میں نظر آنے والا پیٹ صرف زیادہ کھانا کھانے کا نتیجہ تھا۔ اس سے قبل کرینہ کپور کے قریبی ذرائع نے بھی ’ہندوستان ٹائمز‘ کو اداکارہ کے تیسرے حمل کی افواہوں پر وضاحت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کرینہ حاملہ نہیں ہیں اور یہ بات بالکل بھی درست نہیں ہے۔ ماضی کے ایک انٹرویو میں کرینہ کپور نے اپنے خاندانی منصوبوں کے بارے میں بات کی تھی اور یہ واضح کیا تھا کہ وہ مزید بچے نہیں چاہتیں۔ واضح رہے کہ کرینہ جلد ہی میگھنا گلزار کی فلم دائرہ میں نظر آئیں گی۔ یہ بطور مرکزی اداکارہ ان کی 68 ویں فلم ہے اور اس میں پرتھویراج سوکومارن بھی ایک اہم کردار میں ہیں۔ یہ فلم 18 ستمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز کیلئے تیار ہے۔