سرینگر : کشمیری پنڈت ملازمین کی جانب سے مسلسل احتجاج کے بیچ جموں وکشمیر انتظامیہ نے ایک نئی پالیسی ترتیب دی ہے جس کے تحت کشمیری پنڈت ملازم جوڑے کو ایک ہی جگہ پر تعینات کیا جائے گا ۔معلوم ہوا ہے کہ کشمیری پنڈتوں کو مختلف اضلاع میں محفوظ رہائشی سہولیات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ایک سے دو ہفتے کے اندرا ندر نئی پالیسی کو سرکار کی جانب سے منظر عام پر لایا جارہا ہے ۔ چاڈورہ میں کشمیری پنڈت ملازم راہول بھٹ کی ہلاکت کے بعد پنڈت ملازمین مسلسل احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں اور وہ سرکار سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اُن کی جائز مانگوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے کشمیری پنڈت ملازمین کیلئے نئی پالیسی ترتیب دی ہے جس کے تحت کشمیری پنڈت جوڑے(میاں بیوی ) کی پوسٹنگ ایک ہی جگہ پر ہوگی ۔